بنگلہ دیش میں تشدد پھر بے قابو، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش، بم دھماکوں سے گونج اٹھے 28 اضلاع

تشدد کے پیش نظر پولیس نے ڈھاکہ میں سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ اہم فلائی اوورز پر اضافی جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں آنے جانے والے راستوں پر گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

بنگلہ دیش میں تشدد پھر بے قابو، محمد یونس کا آبائی گھر نذرِ آتش، بم دھماکوں سے گونج اٹھے 28 اضلاع

بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے درمیان تشدد میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ راجدھانی ڈھاکہ میں کئی مقامات پر دیسی بم پھوڑے گئے اور چٹگاؤں میں عبوری حکومت کے سابق سربراہ محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق ان واقعات میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تشدد سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ کی جانب سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد ہوا۔ عوامی لیگ نے 19 نومبر کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے بعد سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، لیکن حالات فکر انگیز ہوتے نظر آ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد نے چٹگاؤں کے پنچلائش علاقہ میں محمد یونس کے آبائی گھر کو آگ لگا دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بنگلہ دیش کے کئی علاقوں میں گرامین بینک کی شاخوں کو بھی آگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس درمیان ڈھاکہ میں وزیر اعظم طارق رحمان کی پارٹی بی این پی کے کارکنوں پر عوامی لیگ کے 2 لیڈران کے گھروں پر حملہ کرنے اور انہیں آگ لگانے کا الزام ہے۔

تشدد کے پیش نظر پولیس نے ڈھاکہ میں سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ اہم فلائی اوورز پر اضافی جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ شہر میں آنے جانے والے راستوں پر گاڑیوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور مشتبہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے پوچھ گچھ بھی کی جا رہی ہے۔