اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر سونیا گاندھی نے جاری کیا جذباتی پیغام، راہل-پرینکا نے بھی دادی کو کیا یاد

سونیا گاندھی نے اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ان کی شخصیت کا کچھ حصہ آج بھی ہم سب میں زندہ ہے، خواہ ہمیں اس کا احساس ہو یا نہ ہو۔ ہمیں اب بھی ان کی کمی محسوس ہوتی ہے۔‘‘

اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر سونیا گاندھی نے جاری کیا جذباتی پیغام، راہل-پرینکا نے بھی دادی کو کیا یاد

سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے خراج عقیدت پیش کیا۔ سونیا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو جاری کر انہیں یاد کیا۔ اندرا گاندھی سے پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے سونیا گاندھی لکھتی ہیں کہ ’’جب مجھے پہلی بار اندرا گاندھی سے ملنا تھا، تو میں نے جانے سے انکار کر دیا تھا۔ اگلے دن میرا ارادہ بدل گیا۔ میں بہت گھبرائی ہوئی تھی اور میری انگریزی بھی اچھی نہیں تھی، اس لیے انہوں نے مجھ سے فرانسیسی زبان میں بات کی۔‘‘

سونیا گاندھی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے متعلق آگے لکھتی ہیں کہ ’’ان کے بارے میں یہ پہلی بات تھی جو میں نے سیکھی، وہ اس چیز کو بھانپ لیتی تھیں جس میں آپ کو دشواری ہو رہی ہوتی تھی اور خاموشی سے اسے آسان بنا دیتی تھیں۔ دنیا انہیں وزیر اعظم کے طور پر جانتی تھی لیکن گھر میں ہم انہیں ’دادی‘ کہتے تھے۔ وہ محبت کرنے والی اور نرم مزاج شخصیت تھیں، قصے کہانیوں اور دانائی سے بھرپور تھیں اور ان میں مزاح کا غیر معمولی احساس تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ان کی شخصیت کا کچھ حصہ آج بھی ہم سب میں زندہ ہے، خواہ ہمیں اس کا احساس ہو یا نہ ہو۔ ہمیں اب بھی ان کی کمی محسوس ہوتی ہے۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنی ماں سونیا گاندھی کے ذریعہ شیئر کردہ ویڈیو کو ہی ’ایکس‘ پر آگے بڑھاتے ہوئے اپنی دادی کو یاد کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’دادی ایک مضبوط شخصیت کی مالک تھیں، نڈر، ثابت قدم اور محبت سے سرشار۔ ان کی طاقت آج بھی میرے خاندان کی خواتین میں زندہ ہے، جن میں سے ہر ایک اپنی جگہ منفرد اور باصلاحیت ہے۔ ان کی محبت اور اپنائیت ہمیں ایک دوسرے سے جوڑے رکھتی ہے اور وہ ہر روز مجھے متاثر کرتی ہیں۔ سالگرہ مبارک ہو دادی! آپ کو ان سب پر یقیناً بہت فخر ہوتا۔‘‘ پرینکا گاندھی نے اپنی دادی اندرا گاندھی کو خاص انداز میں یاد کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پرانی تصویر شیئر کی، جس میں چھوٹی پرینکا اپنی دادی کے ساتھ مستی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’سالگرہ مبارک ہو، شیرنی! آپ جیسی دوسری کوئی کبھی نہیں ہوگی۔‘‘

کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا نے بھی اندرا گاندھی کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے راہل گاندھی کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’دنیا کے لیے وہ ایک بااثر اور مضبوط شخصیت کی مالک اندرا گاندھی تھیں لیکن گاندھی خاندان کے لیے وہ ایک ماں، ساس اور سب سے بڑھ کر ’سب سے زبردست دادی‘ تھیں۔ اندرا گاندھی وہ تمام کام کرتی تھیں جو ایک خوش مزاج ’دادی‘ کرتی ہے۔ وہ کہانیاں سناتی تھیں، تحفے اور مزیدار چیزیں تقسیم کرتی تھیں، شرارتیں کرتی تھیں اور کھیل کھیلتی تھیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’پرینکا جی کو اندرا جی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سن کر مجھے یقین ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگ اپنی دادیوں کے ساتھ گزری یادوں میں کھو گئے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مجاہدین آزادی میں شامل ایک ایسی خاتون تھیں جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے جدوجہد کی اور ایک ایسی وزیر اعظم بھی تھیں جنہوں نے 1971 کی جنگ کے دوران ہندوستان کی قیادت کی، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کا قیام عمل میں آیا۔‘‘

اپنی پوسٹ میں پون کھیڑا اندرا گاندھی کے بارے میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’ان سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ تھا، ان کی تعریف کرنے کے لیے بہت کچھ تھا اور ان کی شخصیت سے متاثر ہونے کے بے شمار پہلو تھے۔ ’تھینک گاڈ‘ انہوں نے ہمیں بہت کچھ سکھایا۔ کبھی حکمت اور تدبر سے تو کبھی سختی سے، لیکن انہوں نے اچھی اقدار ہمارے اندر پیدا کیں، نظم و ضبط کی پابندی پر زور دیا اور خود اپنی مثال قائم کی۔ ان کی اس محنت کے ثمرات آج نظر آ رہے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ آج ان کی روح کو ہم سب پر بہت فخر ہوگا۔‘‘ دوسری جانب ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سی پی پی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔