امریکہ: سینیٹ نے ایران سے امریکی فوجیوں کی واپسی کی قرارداد مسترد کر دی
قرارداد میں ڈونالڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جاری تنازعہ سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ سینیٹ کے آفیشیل ریکارڈ کے مطابق جمعرات کو یہ قرارداد 48 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے مسترد ہو گئی۔
3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد جنگ کے معاملے پر اپنی پہلی ووٹنگ میں امریکی سینیٹ نے ایوان نمائندگان سے منظور شدہ ایک قرارداد کو مسترد کردیا ہے۔ اس قرارداد میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جاری تنازعہ سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ سینیٹ کے آفیشیل ریکارڈ کے مطابق جمعرات کو یہ قرارداد 48 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے مسترد ہو گئی۔ اس کے خارج ہونے کے ساتھ ہی سینیٹ میں یہ قرارداد ختم ہو گئی ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے 3 اراکین، مین سے سوسن کولنز، الاسکا سے لیزا مرکووسکی اور کینٹکی سے رینڈ پال نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ پنسلوانیا کے ڈیموکریٹ جان فیٹر مین نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ کنیکٹی کٹ کے ڈیموکریٹ کرس مرفی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور انہیں ایوان میں غیر حاضر قرار دیا گیا۔
US Senate defeats House-passed war powers resolution that sought to direct Washington to end hostilities with Tehran as President Trump delays decision on Iran attack until early 2027
— TRT World (@trtworld) November 19, 2026
Live updates https://t.co/engl6Ithuv pic.twitter.com/IS4EgdnkrI
نارتھ کیرولینا کے ریپبلکن تھام ٹلس جنہوں نے ستمبر میں اسی طرح کی ایک قرارداد کی حمایت کی تھی اس بار اس کے خلاف ووٹ دیا۔ اس سے قبل 24 ستمبر کو پیش کی گئی قرارداد 49 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے مسترد ہوگئی تھی۔ سینیٹر ایڈم شف کے دفتر کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ جنگی اختیارات سے متعلق قرارداد کے ذریعے جنگ ختم کرنے کے لیے سینیٹ میں 15ویں بار ووٹنگ تھی۔ ووٹنگ کے ریکارڈ کے مطابق سینیٹ نے 23 جون کو اسی طرح کی ایک قرارداد 50 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے منظور کی تھی۔ میساچوسٹس کے ڈیموکریٹک رکن ایوان نمائندگان سیٹھ مولٹن نے یہ قرارداد 28 اپریل کو پیش کی تھی۔ 15 ستمبر کو ایوان نمائندگان نے اسے 220 کے مقابلے میں 204 ووٹوں سے منظور کیا تھا۔ اس قرارداد میں 1973 کے ’وار پاورز ریزولوشن‘ کی دفعہ 5(سی) کا حوالہ دیا گیا تھا۔ ایک ’متوازی قرارداد‘ ہونے کی وجہ سے اسے دستخط کے لیے صدر کے پاس بھیجنے کی ضرورت نہیں تھی۔
بحث کے دوران ورجینیا کے ڈیموکریٹک سینیٹر ٹم کین نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ ’’وہی کریں جس کا مطالبہ آئین کرتا ہے، جس کا مطالبہ ہمارے عوام کرتے ہیں اور وہ ہے اس غیر قانونی جنگ کو ختم کرنا۔‘‘ کانگریشنل ریکارڈ کے مطابق کین نے کہا کہ ’’امریکی عوام اس سے تنگ آچکے ہیں۔ لیکن ہم یہاں سینیٹ میں اسے درست کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ ووٹ دینا کہ یہ جنگ غیر قانونی ہے، اسی سمت میں اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے۔‘‘ وسکونسن کی ڈیموکریٹک سینیٹر ٹیمی بالڈون نے ایوان میں کہا کہ اس جنگ کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کے کم از کم 47 ارب ڈالر خرچ ہوئے ہیں اور 23 امریکی اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ مونٹانا کے ریپبلکن سینیٹر ٹم شیہی نے قرارداد کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایران کے ساتھ جاری جنگ کوئی متبادل نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ ہمیں اپنا کام مکمل کرنا چاہیے، اس ملک کا دفاع کرنا چاہیے اور اپنے اتحادیوں کی حفاظت کرنی چاہیے۔‘‘
US Senate blocks war powers resolution directing President Donald Trump to withdraw American forces from hostilities with Iran
— Anadolu English (@anadoluagency) November 19, 2026
Senate rejects measure, H.Con.Res. 93, by 48-51 vote https://t.co/XDe2nxUAG7 pic.twitter.com/tVjommOzTY
شیہی نے دلیل دی کہ اگر ایران آبنائے ہرمز اور دیگر سمندری راستوں پر کنٹرول حاصل کرلیتا ہے تو اس سے دنیا کی نصف توانائی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ ووٹنگ کے بعد ڈیموکریٹس نے اشارہ دیا کہ جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہ اس معاملے کو ایک بار پھر زور و شور سے اٹھائیں گے۔ شف نے ایک بیان میں کہا کہ ’’آج کی ووٹنگ میں ہمیں دونوں جماعتوں کی حمایت تو ملی، لیکن یہ کافی نہیں تھی۔ نئی کانگریس میں ہم اسے بدل دیں گے۔‘‘ کین نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی ’’نئی ڈیموکریٹک اکثریت والی کانگریس میں جنگ ختم کرنے کے لیے ہر ممکن راستہ تلاش کریں گے۔‘‘ نیواڈا کی ڈیموکریٹک سینیٹر جیکی روزن نے کہا کہ ووٹرس نے ’’ڈونالڈ ٹرمپ کی ایران کے ساتھ غیر آئینی جنگ کو پوری طرح مسترد کردیا ہے، جس کی وجہ سے ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سینیٹ میں یہ ووٹنگ اس واقعے کے ایک دن بعد ہوئی، جب ہندوستانی نژاد امریکی رکن کانگریس رو کھنہ اور ڈیموکریٹک رکن نمائندگان یاسمین انصاری نے کہا تھا کہ وہ ایسے کسی بھی سرکاری فنڈنگ پیکج کی مخالفت کریں گے، جس میں ایران میں جارحانہ کارروائیوں پر اخراجات کی اجازت نہ دینے کی واضح شرط شامل نہ ہو۔ دونوں اراکین پارلیمنٹ نے کہا تھا کہ ’’ہم ایسے کسی بھی فنڈنگ پیکج کی مخالفت کریں گے، جس میں ایران میں جارحانہ کارروائیوں کے لیے فنڈز کے استعمال پر واضح طور پر پابندی عائد نہ کی گئی ہو۔‘‘ موجودہ وفاقی فنڈنگ کی مدت 11 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔