اقوام متحدہ میں سزائے موت پر روک کی قرارداد منظور، ہندوستان اور امریکہ سمیت 33 ممالک نے مخالفت کی

ہندوستان نے جن ممالک کے ساتھ قرارداد کی مخالفت کی ان میں امریکہ، چین، پاکستان، جاپان، ایران، عراق، سعودی عرب، مصر، بحرین، کویت، مالدیپ، عمان اور قطر شامل ہیں۔

اقوام متحدہ میں سزائے موت پر روک کی قرارداد منظور، ہندوستان اور امریکہ سمیت 33 ممالک نے مخالفت کی

دنیا کے 133 ممالک نے سزائے موت پر روک لگانے کی حمایت کی، لیکن ہندوستان اس مطالبے کے حق میں نہیں کھڑا ہوا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعہ کو اس معاملے پر ووٹنگ ہوئی۔ ہندوستان نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔ امریکہ، چین اور پاکستان سمیت 33 ممالک نے بھی اس کی مخالفت کی۔ تاہم، مخالفت کے باوجود قرارداد منظور ہو گئی۔ یہ قرارداد میکسیکو نے پیش کی تھی۔ اس میں تمام ممالک سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ پھانسی دینے پر روک لگائیں۔ اس کا مقصد بتدریج سزائے موت ختم کرنے کی سمت آگے بڑھنا تھا۔ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے 133 نے قرارداد کی حمایت کی، 33 نے مخالفت میں ووٹ دیا، جبکہ 16 ممالک ووٹنگ سے دور رہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ہندوستان نے جن ممالک کے ساتھ قرارداد کی مخالفت کی ان میں امریکہ، چین، پاکستان، جاپان، ایران، عراق، سعودی عرب، مصر، بحرین، کویت، مالدیپ، عمان اور قطر شامل ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ہر ملک کو اپنے قوانین بنانے اور سزا طے کرنے کا حق حاصل ہے۔ ساتھ ہی تمام ممالک سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ پھانسی دینے پر روک لگائیں۔ جن ممالک میں سزائے موت ختم کی جا چکی ہے، ان سے اسے دوبارہ نافذ نہ کرنے کی بھی اپیل کی گئی۔

اس قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ 18 سال سے کم عمر میں جرم کرنے والے افراد کو سزائے موت نہیں دی جانی چاہیے۔ اگر جرم کے وقت کسی شخص کی عمر کا تعین کرنا ممکن نہ ہو، تب بھی اسے سزائے موت نہ دینے کی اپیل کی گئی۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین، ذہنی یا فکری معذوری کے شکار افراد اور بزرگوں کو بھی اس سزا سے مستثنیٰ رکھنے کی بات کہی گئی۔ قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا تھا کہ ان جرائم کی تعداد کم کی جائے جن کے لیے سزائے موت دی جا سکتی ہے۔ ایسے قوانین ختم کرنے کی بھی اپیل کی گئی جن کے تحت کسی جرم کے لیے سزائے موت دینا لازمی ہوتا ہے۔

قرارداد میں دنیا بھر میں پھانسی کی سزا جاری رہنے پر تشویش ظاہر کی گئی۔ اس میں کہا گیا کہ کئی ممالک سزائے موت کے استعمال کو محدود کرنے کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں، لیکن 2025 میں ریکارڈ کیے گئے پھانسی کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا۔ قرارداد کے ذریعے تمام ممالک سے سزائے موت کا استعمال بتدریج کم کرنے اور پھانسی پر روک لگانے کی اپیل کی گئی تھی۔