نیتن یاہو نے ایرانی جوہری خطرات سے تحفظ کے لیے اسرائیل میں قومی اتحاد کی حکومت کو لازمی قرار دیا
نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کی حکومت ایک بار پھر اپنے جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔ جوہری ہتھیاروں کی تیزی سے تیاری کی صورت میں اسرائیل کے وجود کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے ایک بار پھر قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش اسرائیل کے وجود کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ ان خطرات سے نمٹنے کے لیے ملک کی تمام اہم سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ ہفتہ کے روز (مقامی وقت کے مطابق) پہلے سے ریکارڈ کیے گئے ایک خطاب میں نیتن یاہو نے اپنے سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ (جنہیں اسرائیل کی اگلی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے) سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی پیشگی شرط کے بغیر اتحاد کے سلسلے میں مذاکرات میں شامل ہوں۔
Netanyahu: I am convinced that a national unity government must be formed
— Arab News (@arabnews) November 14, 2026
The Iranian regime is once again working to revive its nuclear program
Iranian regime will not hesitate to use nuclear weapons against us
Says Israel must eliminate existential Iranian threat… pic.twitter.com/MywrnZqBzP
بنجامن نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کی حکومت ایک بار پھر اپنے جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔ جوہری ہتھیاروں کی تیزی سے تیاری کی صورت میں اسرائیل کے وجود کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل کو اس خطرے کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔ نیتن یاہو نے اپنے بیان میں ایم کلاوی اور شاگات ہاری کے نام سے فوجی کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کارروائیوں کے ذریعے اسرائیل نے فوری تباہی کے خطرے کو ٹال دیا تھا۔ آئزن کوٹ کے ساتھ جمعرات کے روز ہونے والی ملاقات کے بعد نیتن یاہو نے ہفتہ کے روز یہ ویڈیو جاری کی تھی۔
اکتوبر میں ہوئے انتخابات میں نیتن یاہو کے دائیں بازو کے اتحاد نے پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو دی تھی۔ اس کے بعد صدر اسحاق ہرزوگ نے سابق فوجی سربراہ آئزن کوٹ کو حکومت تشکیل دینے کے لیے 28 دنوں کا وقت دیا، جسے ضرورت پڑنے پر مزید 14 دنوں تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ نئی حکومت کی تشکیل تک نیتن یاہو اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ اسرائیل کی نو منتخب پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے خبردار کیا کہ ملک کو جلد ہی بڑے بین الاقوامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ دباؤ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک کے طور پر تسلیم کرنے اور وہاں کی موجودہ حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے ڈالا جا سکتا ہے۔ نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کی موجودہ حکومت اسرائیل کے وجود کے لیے خطرہ ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ بہت جلد ہمیں ایسے بین الاقوامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے تحت ہم سے ایران کو جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک کے طور پر تسلیم کرنے اور اس دہشت گرد حکومت کو برقرار رکھنے کے لیے کہا جائے گا، جو ہمیں مکمل طور پر ختم کرنا چاہتی ہے۔ حالانکہ ان کے اس بیان پر اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے سابق سربراہ گادی آئزن کوٹ نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ ایک اہم قومی مواقع کو اپنے سیاسی مفادات پورے کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ نیتن یاہو کی تقریر کو شرمناک قرار دیتے ہوئے آئزن کوٹ نے سوال اٹھایا کہ کیا وہ اس عہدے پر برقرار رہنے کے بھی اہل ہیں؟