آبنائے ہرمز میں تیل ٹینکر کی بارودی سرنگ سے ٹکر، انجن روم میں لگی آگ، عملہ کے اراکین محفوظ
بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ ایرانی بحریہ نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل بردار جہاز کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
مغربی ایشیا میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے اثرات اب سمندری تجارتی راستوں پر بہت واضح انداز میں نظر آنے لگے ہیں۔ عمان کے قریب آبنائے ہرمز سے گزرنے والا ایک تیل بردار جہاز بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی زد میں آ گیا۔ برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز تنظیم (یو کے ایم ٹی او) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی اطلاع دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر اس خطہ میں جہازوں پر حملہ کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ ایرانی بحریہ نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل بردار جہاز کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ تاہم جہاز پر موجود عملہ کے تمام اراکین محفوظ ہیں۔
UKMTO WARNING 208-26
— UKMTO Operations Centre (@UK_MTO) November 16, 2026
Click here to view the full product.⤵️ https://t.co/1JXxssoZve#MaritimeSecurity #MarSec pic.twitter.com/SU61tvuxKj
یو کے ایم ٹی او کے مطابق اسے عمان کے قریب آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تیل بردار جہاز پر حملے کی اطلاع ملی تھی۔ واقعہ کے بعد جہاز کی نقل و حرکت رک گئی اور اس کا انجن روم آگ کی زد میں آ گیا۔ تنظیم نے بتایا کہ عملہ کے تمام اراکین محفوظ ہیں۔ تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ ایرانی بحریہ نے بھی اس واقعہ سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ تیل بردار جہاز ممنوعہ سمندری علاقے سے گزر رہا تھا اور اس نے اپنے نیویگیشن سسٹم بند کر رکھے تھے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے اسلامک ریپبلک آف ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) کے مطابق بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ متعلقہ تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ممنوعہ علاقے سے گزر رہا تھا۔ اس دوران اس کے نیویگیشن سسٹم بند تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ایران کئی بار جہازوں کے آپریٹرز کو ممنوعہ سمندری علاقے میں داخل نہ ہونے کی وارننگ دے چکا ہے۔ اس علاقے میں کئی ہفتوں سے سمندری آمد و رفت پر پابندیاں عائد ہیں اور مسلسل کشیدگی کی صورت حال بنی ہوئی ہے۔