فرضی برتھ سرٹیفکیٹ معاملہ: اعظم خان کو سپریم کورٹ سے راحت، یوپی حکومت کی اپیل خارج

اسمبلی انتخاب 2017 میں عبداللہ اعظم سوار سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ حریف امیدوار نواب کاظم علی خان اور بعد میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ پر انتخاب لڑنے کی شکایت کی تھی۔

فرضی برتھ سرٹیفکیٹ معاملہ: اعظم خان کو سپریم کورٹ سے راحت، یوپی حکومت کی اپیل خارج

فرضی برتھ سرٹیفکیٹ معاملہ میں سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کو الٰہ آباد ہائی کورٹ سے ملی راحت برقرار رہے گی۔ سپریم کورٹ نے منگل (17 نومبر) کو الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج دینے والی اتر پردیش حکومت کی اپیل خارج کر دی ہے۔ دراصل ہائی کورٹ نے اس معاملے میں اعظم خان کی سزا پر روک لگا دی تھی۔ یوپی حکومت نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، لیکن عدالت عظمیٰ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

غور طلب ہے کہ اسمبلی انتخاب 2017 میں اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم سوار سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ حریف امیدوار نواب کاظم علی خان عرف ناوید میاں اور بعد میں بی جے پی لیڈر آکاش سکسینہ نے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ پر انتخاب لڑنے کی شکایت کی تھی۔ اس پر ہائی کورٹ نے عبداللہ اعظم کا انتخاب منسوخ کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ سے بھی انہیں راحت نہیں ملی تھی۔

واضح رہے کہ عبداللہ اعظم کے تعلیمی سرٹیفکیٹ میں ان کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1993 جبکہ لکھنؤ میونسپل کارپوریشن سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں 30 ستمبر 1990 درج ہے۔ اعظم خان، ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کے خلاف فرضی برتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تینوں کو رامپور ایم پی-ایم ایل اے کی خصوصی عدالت نے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے معاملے میں 7-7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مئی 2024 میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان کی سزا پر روک لگا دی تھی۔ حالانکہ ان کی اہلیہ تنزین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کی سزا پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ اس حکم کو لے کر اتر پردیش حکومت نے اعظم خان کو ملی راحت کے خلاف اپیلی کی تھی۔