بیلانگنگ– اے جرنی آف لو: نفرت کے دور میں محبت و روحانیت کی داستان... کے اے شاجی
قربانی، محبت اور ہندوستان کے کثرت پسند نظریہ کو اختیار کرنے سے جڑی سونیا گاندھی کی یہ خود نوشت ہندتوا نظام کے ذریعہ تیار کردار کشی کے پورے کارخانہ کی تاریخی شکست ثابت ہوئی ہے۔
سونیا گاندھی کی خود نوشت ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ سے متعلق عوامی ردعمل میں ایک گہرا اطمینان بخش احساس موجود ہے۔ اس لمحے مجھے کسی خودنوشت کی عام کامیابی سے کہیں بڑی چیز نظر آتی ہے۔ میں اس میں ہندوستان کے ہندتوا نظام کی جانب سے چلائی جانے والی طویل ترین کردار کشی کی مہموں میں سے ایک کی تاریخی ناکامی دیکھتا ہوں۔ ایک ایسی خاتون کو، جسے بی جے پی اور سنگھ پریوار نے دہائیوں تک بے عزت کرنے، غیر قانونی قرار دینے اور سیاسی طور پر ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، انھیں بالآخر اپنی کہانی اپنے الفاظ میں بیان کرنے کا راستہ مل ہی گیا، اور آج ملک انہیں سن رہا ہے۔
سنگھ پریوار نے ایک ’من گھڑت سونیا گاندھی‘ تخلیق کرنے میں اپنی پوری طاقت جھونک دی۔ سنگھ پریوار نے اس حقیقی عورت کو نہیں دیکھا جو محبت کی ڈور تھام کر ہندوستان آئی تھی، جس نے اس ملک کو اپنا گھر بنایا، گہرے ذاتی صدمات برداشت کیے اور بالآخر عوامی زندگی میں قدم رکھا؛ بلکہ سنگھ نے تعصبات، بے شمار الزامات اور منظم گمراہ کن پروپیگنڈے کی بنیاد پر ایک بالکل خیالی سونیا گاندھی کو پیش کیا۔ سنگھ پریوار کے لیے وہ کبھی بار ڈانسر تھیں، کبھی اطالوی مہرہ، کبھی ہندوستان پر قبضہ کرنے کی سازش رچنے والی غیر ملکی سازشی، تو کبھی ہندوستانیوں کا مذہب تبدیل کرانے والی عیسائی ایجنٹ... یہ الزامات کسی انتخابی ہنگامہ آرائی میں دیے گئے وقتی بیانات محض نہیں تھے؛ بلکہ اس ملک میں ان کے وجود پر سوال اٹھانے، انہیں ایک دشمن غیر ملکی کے طور پر پیش کرنے اور ہندوستان کے ساتھ ان کی وابستگی کو مسترد کرنے کی ایک سوچی سمجھی سیاسی مہم کی باقاعدہ اصطلاحات تھیں۔ یہی اخراج کی سیاست ہے جس نے نہ جانے کتنی نفرت انگیز شکلیں اختیار کی ہیں۔
محبت اور شادی کے ذریعہ ہندوستانی بن جانا، ملک کی غیر معمولی رنگا رنگی میں گھل مل کر اس کے لوگوں کے ساتھ اپنائیت کا رشتہ قائم کر لینا، آخر اس میں کیا جرم ہے؟ کیا ’ہندوستانی‘ ہونا صرف ایک جغرافیائی وراثت ہے یا اس سے کہیں بڑھ کر بھی کچھ ہے؟ کیا یہ ایک سیاسی اور اخلاقی تصور بھی ہے جسے کوئی شخص شعوری طور پر اپنا سکتا ہے؟ کیا قومیت صرف جائے پیدائش، نسل یا مذہبی شناخت سے ہی طے ہونی چاہیے؟ سنگھ پریوار نے سونیا گاندھی کی غیر ملکی پیدائش کو ہی ان کی پوری زندگی کا فیصلہ کن پیمانہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن ان کی زندگی ان سوالات کے سامنے ایک ایسی مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے جو سنگھ پریوار کے لیے بے چین کرنے والی ہے۔
سیکولرزم اور ہندوستان کے کثرت پسند تصور کے تئیں ان کی وابستگی ایسے دور میں اور بھی زیادہ اہم ہو جاتی ہے، جب موجودہ حکومت کی اکثریت پسند سیاست کی وجہ سے کروڑوں ہندوستانیوں کی اس ملک کے تئیں ہمدردی اور شہری حقوق سوالوں کے گھیرے میں ہیں۔ یہ بہت بڑی ستم ظریفی ہے کہ جس خاتون کو انہوں نے ایک جھوٹی، من گھڑت کہانی میں قید کرنے کی کوشش کی، اس نے آج اپنی حقیقی کہانی خود لکھ ڈالی ہے۔
دونوں منصوبوں کے درمیان فرق بالکل واضح ہے۔ ’سنگھ پریوار کی سونیا گاندھی‘ کو ٹی وی پروپیگنڈے، سیاسی گالیوں اور مسلسل الزامات کے ذریعے تیار کیا گیا تھا۔ جبکہ ’بیلانگنگ‘ کی سونیا گاندھی اپنے ذاتی تجربات، جذباتی نرمی، یادوں اور اپنی گزری ہوئی تاریخ کے ذریعے اپنی بات رکھتی ہیں۔ ایک نفرت بھڑکانے کے لیے تخلیق کیا گیا سیاسی کارٹون ہے، تو دوسرا اپنی آواز دوبارہ حاصل کرتا ہوا ایک زندہ انسان۔ ’بیلانگنگ‘ میں جو بات مجھے سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے، وہ اس میں تلخی کا بالکل فقدان ہے۔ جس خاتون نے اتنی نفرت برداشت کی ہو، اس نے کبھی بھی تلخی کو اپنی زندگی کا فیصلہ کن جذبہ نہیں بننے دیا۔ اس میں بہت گہری انسانیت اور خوبصورتی ہے۔ یہ شاید حوصلے کی سب سے مشکل شکلوں میں سے ایک ہے: اندر تک زخمی ہونے کے باوجود اپنی نرمی نہ کھونا اور نفرت کا سامنا کرتے ہوئے بھی محبت کرنے کی اپنی صلاحیت کو زندہ رکھنا۔ اسی لیے ان کی یہ خود نوشت عوامی شخصیت کے پیچھے چھپے انسان کو سمجھنے کی ایک کھلی دعوت بھی ہے۔
میں اپنی زندگی اور اپنے سب سے قریبی لوگوں کے فیصلوں کا تنقیدی جائزہ لینے کے حوصلے کی خاص طور پر ستائش کرتا ہوں۔ اپنے شوہر، اپنی ساس یا اپنے سیاسی نظام کی جانب سے کی گئی غلطیوں کو تسلیم کرنا کبھی آسان نہیں رہا ہوگا۔ اس کے لیے ایک مضبوط اخلاقی بنیاد کی ضرورت ہوتی ہے، جہاں سچائی کو جذبات سے اوپر اور تاریخ کو خاندانی وقار سے اوپر رکھنے کی آمادگی ہو۔
سنگھ پریوار کا مسئلہ صرف یہ نہیں ہے کہ وہ سونیا گاندھی سے اختلاف رکھتا ہے۔ وہ شاید اس سچائی کو تسلیم کرنے سے بھی قاصر ہے کہ جس خاتون پر انہوں نے مسلسل کیچڑ اچھالا، وہ آج بھی کروڑوں لوگوں کی محبت، عزت اور توجہ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہی بات مجھے اس خودنوشت کے معنی خیز عنوان اور اس بنیادی سوال کی طرف لے جاتی ہے جس سے یہ کتاب نبرد آزما ہے۔
کوئی ملک صرف پیدائش سے اپنا نہیں بن جاتا۔ اپنائیت اور قربت، وابستگی، قربانی اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ ایک مستقل جذباتی تعلق سے پیدا ہوتی ہے۔ سونیا گاندھی نے اس سفر کو جینے کے ذریعے ثابت کیا ہے۔ سونیا گاندھی کی ہندوستانیت کو اس زندگی سے سمجھا جانا چاہیے جسے انہوں نے یہاں جینے کا انتخاب کیا، ان نقصانات اور صدمات سے سمجھا جانا چاہیے جنہیں انہوں نے یہاں برداشت کیا، ان ذمہ داریوں سے سمجھا جانا چاہیے جنہیں انہوں نے یہاں قبول کیا، اور ان سیاسی اقدار سے سمجھا جانا چاہیے جن کا وہ مسلسل دفاع کرتی رہی ہیں۔
میں نے کبھی نہیں کہا کہ سونیا گاندھی تنقید سے بالاتر ہیں، کوئی بھی سیاسی لیڈر ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ کانگریس کو اپنی غلطیوں کا حساب دینا ہوگا، اور نہرو-گاندھی خاندان کی بھی اتنی ہی سخت جانچ ہونی چاہیے جتنی کسی دوسرے طاقتور سیاسی خاندان کی ہوتی ہے۔ لیکن لیڈران سے جواب دہی کا مطالبہ کرنا الگ بات ہے اور سیاست سے متاثر کردار کشی بالکل دوسری بات۔ سیاسی اختلاف سے انسانی وقار کبھی پامال نہیں ہونا چاہیے۔
سونیا گاندھی کی ہندوستانیت کو ان کی پیدائش سے نہیں، بلکہ ہندوستان کے اس تصور کو دل سے قبول کرنے سے سمجھا جانا چاہیے جس نے ان کی عوامی زندگی کو تشکیل دیا۔ انہوں نے جدوجہد اور انتخابی شکستوں کے درمیان اس تصور کے دفاع کے لیے لڑائی لڑی؛ جب سیاسی مشکلات نے کمزور ارادے والے لوگوں کا امتحان لیا، تب وہ ایک جوڑنے والی قوت بنی رہیں؛ اور انہوں نے کبھی بھی اس ملک کو محض ایک انتخابی میدان نہیں سمجھا۔
یہ خود نوشت اس لیے دل کو چھوتی ہے کیونکہ یہ آپ کو اپنے اندر جھانکنے کا موقع دیتی ہے، اپنی انسانی کمزوریوں کی ایک جھلک دکھاتی ہے اور ایک ایسی خاتون سے روبرو کراتی ہے جس نے غیر معمولی طور پر مشکل زندگی گزاری، لیکن جسے وہ کسی تلخی کے بغیر یاد کرتی ہیں۔ یہ آپ کو ان کی زندگی کو ان عہدوں کے تناظر میں نہ دیکھنے کی دعوت دیتی ہے جو انہوں نے سنبھالے، نہ ہی ان کی سیاسی کامیابیوں یا ناکامیوں کے زاویے سے، بلکہ ان آزمائشوں کے پیمانے سے جن سے وہ گزریں، ان اصولوں سے جن کے سامنے انہوں نے کبھی سر تسلیم خم نہیں کیا، اور ان انسانی اقدار سے جو سب کچھ برداشت کرنے کے بعد بھی ان کے اندر اٹل رہیں۔
شاید سونیا گاندھی کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اتنے برسوں تک مسلسل یہ کہے جانے کے باوجود کہ وہ یہاں کی نہیں ہیں، انہوں نے ایسے ہندوستان کے لیے جینا، محبت کرنا اور کام کرنا جاری رکھا جہاں ہر شہری کو اپنائیت کا پورا حق حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میرا ماننا ہے کہ ’بیلونگنگ‘ کو پوری طرح کھلے ذہن کے ساتھ پڑھا جانا چاہیے۔
کتاب کے تعلق سے عوام کا غیر معمولی ردعمل سیاسی اعتبار سے بھی انتہائی اہم ہے۔ قارئین قطاروں میں کھڑے ہیں اور دکانوں سے کتاب کی کاپیاں تیزی سے غائب ہو رہی ہیں۔ ہندوستان اور بیرون ملک اسے جو وسیع مقبولیت حاصل ہو رہی ہے، وہ صرف کسی عوامی شخصیت کی نجی زندگی میں جھانکنے کے تجسس کا نتیجہ نہیں ہے؛ بلکہ یہ اس کہانی کی سچائی جاننے کی گہری خواہش بھی ہے جسے بہت طویل عرصے سے دوسروں نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔
بی جے پی کا ردعمل بھی اتنا ہی حیران کن اور واضح ہے۔ کتاب کی فروخت کے تمام پرانے ریکارڈ ٹوٹنے اور اس کی زبردست کامیابی کے درمیان، نفرت کی فیکٹری اب بھی پوری محنت سے کچھ ایسا تلاش کرنے میں لگی ہوئی ہے جس سے اس کے پرانے گمراہ کن پروپیگنڈے کو نئے پر مل سکیں۔ میں سونیا گاندھی کی اس خود نوشت کا خیرمقدم اس لیے کرتا ہوں کیونکہ یہ نفرت کے نظام کے سامنے اپنی شناخت سپرد کرنے سے صاف انکار ہے؛ کیونکہ یہ اس مغرور تصور کو چیلنج کرتی ہے کہ ان کی اپنائیت پر وہ لوگ سوال اٹھا سکتے ہیں جو ان سے نفرت کرتے ہیں؛ اور کیونکہ یہ ثابت کرتی ہے کہ ان کی زندگی ان لوگوں کے ذریعے کبھی متعین نہیں کی جا سکتی جو انہیں کبھی سمجھ ہی نہیں سکیں گے۔
(مصنف کی فیس بک وال پر اصل میں شائع ہونے والے 2 مضامین کے ترمیم شدہ اقتباسات)