الیکشن کمیشن کو ’خصوصی‘ لفظ سے اتنا لگاؤ کیوں ہے؟ یہ ایس ایس آر کیا ہے؟

ووٹر لسٹس کی ’سالانہ مختصر نظرثانی‘ کے بجائے جاری ’خصوصی مختصر نظرثانی‘ انتخابی ریاستوں میں ووٹر لسٹ سے باہر رہ جانے والے رائے دہندگان کو دوبارہ اپنا نام درج کرانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

الیکشن کمیشن کو ’خصوصی‘ لفظ سے اتنا لگاؤ کیوں ہے؟ یہ ایس ایس آر کیا ہے؟
  • الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو ’ایس آئی آر‘ کے دوران ووٹر لسٹ سے باہر رہ جانے والے رائے دہندگان کے نام دوبارہ درج کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم کا اعلان کیا۔ 15 اکتوبر کو اس نے ان ریاستوں میں انتخابی فہرستوں کی ’خصوصی‘ مختصر نظرثانی کا اعلان کیا جہاں ایس آئی آر مکمل ہو چکا ہے۔ ایس ایس آر کے بعد حتمی فہرست 4 جنوری 2027 کو شائع کی جانی ہے۔

  • تمل ناڈو میں ٹی وی کے اور ڈی ایم کے نے سوال اٹھایا کہ ایس آئی آر میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے سے پہلے ایس ایس آر کیوں کرایا جا رہا ہے؟ ایس ایس آر کا مقصد ایس آئی آر سے ہونے والے کچھ نقصانات کی تلافی کرنا اور یوگی آدتیہ ناتھ جیسے لیڈران کے خدشات کو دور کرنا ہے، جن کا خیال ہے کہ اترپردیش میں ایس آئی آر کے ذریعہ 1.27 کروڑ ’ہندو ووٹرز‘ کے نام فہرست سے خارج کر دیے گئے ہیں۔

  • 12 نومبر کو الیکشن کمیشن نے کئی ریاستوں کے لیے ایس ایس آر کی ڈرافٹ ووٹر لسٹس شائع کیں، جن میں ایس آئی آر کے بعد شائع ہونے والی الیکٹورل لسٹس میں درج ووٹرز کی تعداد کے مقابلے میں نمایاں فرق ہے اور ان میں بڑی تعداد میں نام شامل بھی کیے گئے ہیں اور حذف بھی کیے گئے ہیں۔

جو کچھ ہو رہا ہے، وہ انتہائی پیچیدہ معلوم ہوتا ہے۔ بیشتر لوگوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلانات کو سمجھنے کی کوشش چھوڑ دی ہے۔ الیکٹورل لسٹس کی نظرثانی، جو پہلے ایک آسان اور سیدھا سا عمل ہوا کرتا تھا، اب بالکل پیچیدہ بنا دیا گیا ہے۔ ’خصوصی‘ کا سابقہ (خصوصی گہری نظرثانی/خصوصی مختصر نظرثانی) استعمال کر کے الیکشن کمیشن نے قواعد میں بار بار تبدیلی، ترمیم اور کٹوتی کے ذریعہ صورت حال کو اس قدر الجھا دیا ہے کہ کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ مرکزی سطح پر قائم ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور جدید الگوردم نے منطقی تضادات کی نشاندہی کی ہے۔ اس سے الجھن مزید بڑھ گئی ہے۔ کسی کو بھی یہ معلوم نہیں ہو پا رہا ہے کہ کیا جائز ہے اور کیا ناجائز، یا فیصلوں کے پیچھے کون سا مذموم مقصد کارفرما ہے۔

الیکٹورل لسٹس کی خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) ہی کی مثال لے لیجیے۔ الیکشن کمیشن نے 15 اکتوبر 2026 کو اعلان کیا تھا کہ ان 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ایس ایس آر کرائی جائے گی جہاں ایس آئی آر مکمل ہو چکا ہے۔ ان میں بہار اور مغربی بنگال بھی شامل ہیں۔ انتخابی عمل سے گزرنے والی ریاستوں اترپردیش، پنجاب اور اتراکھنڈ میں بھی ایس ایس آر کرائی جانی تھی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے کئی ریاستوں میں ایس آئی آر کے بعد کی حتمی الیکٹورل لسٹس ابھی تک شائع نہیں ہوئی ہیں اور مغربی بنگال میں 37 لاکھ ’اپیلیں‘ ایسے اپیلیٹ ٹریبونلز کے سامنے زیر التوا ہیں جنہیں آئین سے ماورا حیثیت حاصل ہے، حالانکہ قوانین میں ان کے قیام کی کوئی قانونی منظوری موجود نہیں ہے۔

اس سے قبل 29 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے ان ووٹرز کے نام دوبارہ درج کرنے کے لیے ایک خصوصی مہم کا اعلان کیا تھا جن کے نام فہرست سے باہر رہ گئے تھے۔ خصوصی کیمپوں اور بوتھ سطح کے افسران (بی ایل اوز) کے گھر گھر دوروں کے ذریعے دوبارہ اندراج کا یہ عمل اصل فارم 6 کے ذریعے کیا جانا تھا، جس میں ایس آئی آر کے دوران شامل کیا گیا اقرار نامہ موجود نہیں تھا۔ خلاصہ نظرثانی اور اب خصوصی مختصر نظرثانی میں، ایس آئی آر کے برعکس، درخواست گزاروں کو شہریت ثابت کرنے کے لیے دستاویزات جمع کرانے یا سابقہ الیکٹورل لسٹس سے اپنے ناموں کی مطابقت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

5 نومبر کو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے مزید 6 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے لیے انتخابی فہرستوں کی سالانہ خصوصی مختصر نظرثانی (ایس ایس آر) کا اعلان کیا۔ ان میں اروناچل پردیش، چنڈی گڑھ، دادر و نگر حویلی، دمن و دیو، میزورم، اڈیشہ اور سکم شامل ہیں۔ یہ اقدامات بالواسطہ طور پر اس بات کا اعتراف ہیں کہ ایس آئی آر خامیوں سے بھرا ہوا تھا اور الیکٹورل لسٹس میں بہت سی غلطیاں موجود تھیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ایس ایس آر کا مقصد زیادہ سے زیادہ نقصان پر قابو پانے کے لیے اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کرنا ہے۔ ایس ایس آر کے ذریعہ نہ صرف ان نئے اہل ووٹرز کے نام درج کیے جائیں گے جن کی عمر یکم جنوری 2027 کو 18 سال ہو جائے گی، بلکہ ان پرانے ووٹرز کے نام بھی دوبارہ شامل کیے جائیں گے جنہیں ایس آئی آر کے دوران غلطی سے یا بدنیتی کے تحت فہرست سے باہر کر دیا گیا تھا۔ پرانی الیکٹورل لسٹس سے ناموں کی مطابقت اور منطقی تضادات کی جانچ کے عمل کو ختم کر کے یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ ایس آئی آر کے دوران ان شرائط پر اصرار غیر ضروری تھا۔

ایس ایس آر سے شکوک و شبہات اس لیے بھی پیدا ہوتے ہیں کہ اس کا اعلان اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے عوامی طور پر یہ شکایت کیے جانے کے بعد کیا گیا کہ ایس آئی آر کے ذریعے ریاست میں 1.27 کروڑ ’ہندو ووٹرز‘ کے نام حذف کر دیے گئے ہیں۔ کیا ایس ایس آر کا وقت ان کے خدشات دور کرنے کے لیے طے کیا گیا ہے؟ اس بارے میں یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا، لیکن اس فیصلہ سے نااہلی کی بو واضح طور پر آتی ہے۔ تمل ناڈو میں ٹی وی کے اور ڈی ایم کے سمیت کئی سیاسی پارٹیوں کے نمائندے گزشتہ ماہ چنئی میں ایس ایس آر کے بارے میں معلومات دینے کے لیے بلائی گئی ایک میٹنگ سے واک آؤٹ کر گئے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ جب ایس آئی آر کے دوران کی گئی غلطیاں ابھی تک درست نہیں کی گئی ہیں تو ایس ایس آر کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے غلطیاں درست کی جائیں اور ایس آئی آر کے دوران فہرست سے باہر رہ جانے والوں کے نام دوبارہ شامل کیے جائیں۔

تاہم انتخابی عمل سے گزرنے والی ریاستوں اترپردیش، پنجاب، منی پور، گوا اور اتراکھنڈ کے لیے ایس ایس آر دراصل ایس آئی آر کے ذریعہ تیار کی گئی الیکٹورل لسٹس کی اصلاح کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔ جن لوگوں کے نام غلط طریقے سے حذف کیے گئے ہیں، انہیں بغیر کسی ’منطقی تضاد‘ کی جانچ یا شہریت کے امتحان سے گزرے دوبارہ اپنا نام درج کرانے کا موقع ملے گا۔ سیاسی پارٹیوں کو اس بات پر اصرار کرنا چاہیے کہ الیکشن کمیشن دوبارہ درج کیے گئے ناموں (حذف کیے گئے ناموں کے بعد) کو نئے اندراجات سے الگ کر کے شائع کرے۔

الیکشن کمیشن نے 2025 میں الیکٹرل لسٹس کی سالانہ مختصر نظرثانی اس دلیل کے ساتھ ملتوی کر دی تھی کہ چونکہ ایس آئی آر کا عمل جاری ہے، اس لیے اس کی ضرورت نہیں ہے۔ سالانہ مختصر نظرثانی ایک معمول کی کارروائی ہے، جو عام طور پر اکتوبر میں شروع ہوتی ہے اور ان نئے ووٹرز کے نام درج کیے جاتے ہیں جو اگلے سال یکم جنوری کو ووٹ دینے کی کم از کم عمر یعنی 18 سال مکمل کر لیتے ہیں۔ معمول کے مطابق ہر سال جنوری میں الیکٹورل لسٹس بھی شائع کی جاتی ہیں۔ چونکہ اکتوبر میں یہ عمل نہیں کیا گیا، اس لیے نظرثانی شدہ فہرست بھی شائع نہیں ہوئی۔ ایس آئی آر کے ذریعہ تمام اہل ووٹرز کے نام درج کیے جانے تھے۔

تو پھر 2026 میں خلاصہ نظرثانی کیوں کرائی جا رہی ہے، جبکہ ایس آئی آر کا عمل ابھی جاری ہے؟ اسے ’خصوصی‘ مختصر نظرثانی کیوں کہا جا رہا ہے؟ آخر اس میں خصوصی کیا ہے؟ اس سے بھی زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 12 نومبر 2026، بروز جمعرات، الیکشن کمیشن نے ڈرافٹ ووٹر لسٹس شائع کر دیں، جسے الیکشن کمیشن کے افسران نے ایک ’معمول کی کارروائی‘ قرار دیا۔ مختصر نظرثانی کا آغاز ڈرافٹ الیکٹورل لسٹس سے ہی ہوتا ہے، جس کے بعد ووٹرز کو اس پر اعتراضات درج کرانے اور اصلاحات کے لیے درخواستیں دینے کا موقع دیا جاتا ہے۔ درستگی اور نظرثانی کے بعد حتمی فہرستیں 4 جنوری 2027 کو شائع کی جانی ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 12 نومبر کو شائع ہونے والی ڈرافٹ لسٹ میں ایس آئی آر کے بعد شائع کی گئی فائنل لسٹ میں حذف کیے گئے اور نئے شامل کیے گئے، دونوں طرح کے نام موجود ہیں۔ آسام کے معاملے میں یہ فہرست انٹینسیو ریویژن (گہری نظرثانی) کے بعد شائع کی گئی تھی۔

مثال کے طور پر بہار میں میڈیا رپورٹس کے مطابق نومبر 2025 میں اسمبلی انتخابات سے پہلے شائع کی گئی ایس آئی آر کے بعد کی فہرست میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 42 لاکھ تھی، جس میں اب 13 لاکھ ووٹرز کے نام مزید شامل کیے گئے ہیں۔ جبکہ سالانہ نظرثانی کا عمل ملتوی کر دیا گیا تھا تو یہ تعداد کہاں سے سامنے آئی؟ الیکشن کمیشن کے مراسلے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریاست میں اس سال کے اوائل میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل انٹینسیو ریویژن (گہری نظرثانی) کے بعد شائع کی گئی حتمی فہرست میں 2 لاکھ نام حذف کیے گئے تھے اور 4 لاکھ نام شامل کیے گئے تھے۔ اسی طرح گوا میں 43 ہزار، منی پور میں 33 ہزار 700 اور کیرلم میں 4 لاکھ ووٹرز کے نام شامل کیے گئے تھے۔