بلقیس بانو عصمت دری معاملہ: سپریم کورٹ نے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا کی معطل، ضمانت بھی منظور

سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور قتل کیس میں دو مجرموں کی 17 سال سے زائد قید اور دیگر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عمر قید کی سزا معطل کر کے ضمانت دے دی، تاہم اپیلوں پر سماعت جاری رہے گی

بلقیس بانو عصمت دری معاملہ: سپریم کورٹ نے دو مجرموں کی عمر قید کی سزا کی معطل، ضمانت بھی منظور

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری اور قتل معاملے میں سزا یافتہ دو مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ دونوں کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت جاری رہے گی اور ان کی رہائی سے ان کی سزا کا خاتمہ نہیں ہوگا۔

ضمانت پانے والے دونوں مجرموں کی شناخت وپن چندر کنہیا لال جوشی اور پردیپ رمن لال موڈیا کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں 17 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں بند ہیں۔ عدالت نے ان کی طویل قید اور دیگر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔ یہ حکم 28 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا۔

دونوں مجرموں کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہونے والے وکیل سدھارتھ لوتھرا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل 17 سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دلیل دی کہ ان میں سے ایک شخص کا نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور واقعے کے تقریباً 3 سال بعد اسے اس معاملے میں ملزم بنایا گیا تھا۔ وکیل نے عدالت کو یہ اطلاع بھی دی کہ دونوں میں سے ایک مجرم شدید طور پر معذور ہے۔

دوسری جانب گجرات حکومت نے دونوں مجرموں کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی۔ حکومت کی جانب سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجہ ٹھاکرے نے دلیل دی کہ جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نچلی عدالتوں نے ریکارڈ پر موجود تمام متعلقہ شواہد اور مواد کا جائزہ لینے کے بعد ہی سزا سنائی تھی۔

دونوں فریقوں کے دلائل سننے اور اپیلوں میں اٹھائے گئے قانونی نکات پر غور کرنے کے بعد سپریم کورٹ کی بنچ نے دونوں مجرموں کی عمر قید کی سزا معطل کرنے اور انہیں ضمانت دینے کا حکم دیا۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ اپیل کنندگان 17 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں اور ان میں سے ایک شدید طور پر معذور بھی ہے۔ بنچ کے مطابق ان کی اپیلوں میں ایسے نکات موجود ہیں جن پر مزید غور کیے جانے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے دونوں کی رہائی کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط سے مشروط کیا ہے۔ اس طرح دونوں مجرموں کو فی الحال جیل سے باہر رہنے کی اجازت مل گئی ہے، تاہم ان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر عدالتی کارروائی بدستور جاری رہے گی۔