کانگریس کے 5 اراکین پارلیمنٹ کے خلاف ایکشن، لوک سبھا سے پورے اجلاس کے لیے معطل
ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن کو راجیہ سے معطل کیا گیا، اور اب کانگریس کے 5 اراکین پارلیمنٹ ٹی این پرتاپن، ہبی ایڈین، جیوتی منی، رمیا ہریداس اور ڈین کوریاکوس لوک سبھا سے معطل ہو گئے ہیں۔
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہو رہا ہے۔ 13 دسمبر کو لوک سبھا میں سیکورٹی کی کوتاہی کے بعد سے ہی اپوزیشن لیڈران اس معاملے میں سخت کارروائی اور وزیر داخلہ کے بیان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس درمیان ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈیریک او برائن کو راجیہ سبھا سے معطل کر دیا گیا ہے، اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ 5 کانگریس اراکین پارلیمنٹ کو بھی لوک سبھا سے پورے سرمائی اجلاس سے معطل کر دیا گیا ہے۔
टीएमसी MP के बाद लोकसभा में कांग्रेस के 5 सांसद सस्पेंड#TMC #Congress @PoulomiMSaha
— AajTak (@aajtak) December 14, 2023
https://t.co/d8FFt8xdCi
دراصل جمعرات کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سیکورٹی میں ہوئی کوتاہی کا ایشو اٹھایا گیا۔ اپوزیشن اراکین نے زوردار ہنگامہ کیا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ تک کر ڈالا۔ ہنگامہ کے درمیان لوک سبھا کو دوپہر 3 بجے تک کے لیے ملتوی رک دیا گیا کیونکہ اپوزیشن اراکین اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے تھے۔ اس احتجاج میں شامل کانگریس کے جن 5 اراکین لوک سبھا کو پورے سرمائی اجلاس سے معطل کیا گیا ہے ان کے نام ہیں ٹی این پرتاپن، ہبی ایڈین، جیوتی منی، رمیا ہریداس اور ڈین کوریاکوس۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے سے پہلے ایوان کو خطاب کیا اور سیکورٹی پروٹوکول کو مضبوط کرنے کے لیے غیر سیاسی نظریہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا اسپیکر نے سبھی فلور لیڈران کے ساتھ میٹنگ کی اور پارلیمنٹ میں سیکورٹی کو مزید مضبوط کرنے سے متعلق ان کے مشورے سنے۔ دیے گئے مشوروں کو پہلے ہی نافذ کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں کوئی سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔