امیتابھ بچن کی اچانک بگڑی طبیعت، ’کون بنے گا کروڑپتی‘ کی شوٹنگ رخنہ انداز!
امیتابھ بچن نے تقریباً 2 ہفتہ قبل رنبیر کپور، سائی پلوی، روی دوبے اور نتیش تیواری کے ساتھ رامائن پر مبنی خصوصی ایپی سوڈ کی شوٹنگ کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی انھوں نے چند دن کا وقفہ لے رکھا ہے۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ان کے ریئلٹی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی شوٹنگ میں رخنہ پیدا ہو گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے سبب ان کی صحت متاثر ہوئی ہے۔ اس خرابیٔ صحت کی وجہ سے نئے ایپیسوڈ کی شوٹنگ نہیں ہو پائی اور چینل فی الحال شو کی پرانی قسطیں نشر کر رہا ہے۔
ذرائع کے حوالہ سے ’آج تک‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے تقریباً 2 ہفتہ قبل رنبیر کپور، سائی پلوی، روی دوبے اور نتیش تیواری کے ساتھ رامائن پر مبنی خصوصی ایپی سوڈ کی شوٹنگ کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی انھوں نے چند دن کا وقفہ لے رکھا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ دیوالی کے بعد اگلے ہفتہ دوبارہ شوٹنگ شروع کریں گے۔ شو کے نئے ایپیسوڈس 16 نومبر سے نشر ہونے والے ہیں۔