’پرامن مظاہروں کو دبانے کے لیے مقدمات چلانا افسوسناک‘، بامبے ہائی کورٹ نے ایف آئی آر رد کی
ناندگاؤں کے لوگوں نے سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے سڑک تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
بامبے ہائی کورٹ نے سڑکوں کی خراب حالت کے خلاف احتجاج میں شامل ہونے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر پُرامن احتجاج کو دبانے کے لیے فوجداری مقدمات درج کیے جاتے ہیں تو یہ جمہوریت کے لیے انتہائی افسوسناک بات ہوگی۔ عدالت نے واضح طور پر کہا کہ جب تک لوگ قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لیتے اور تشدد یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے جیسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوتے، تب تک ان کی پُرامن تحریک کو دبانے کے لیے فوجداری مقدمات درج نہیں کیے جانے چاہئیں۔
یہ مقدمہ مہاراشٹر کے چندرپور ضلع کے ناندگاؤں میں رواں سال جنوری میں سڑکوں کی خراب حالت کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شامل ہونے کے الزام میں نشکرس نمگڑے کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں بامبے ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں نشکرس نمگڑے کے خلاف درج ایف آئی آر اور فرد جرم منسوخ کر دی۔
قابل ذکر ہے کہ ناندگاؤں کے لوگوں نے سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد یہ احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے سڑک تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار اور محکمہ تعمیرات عامہ کے لاپروا افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ نمگڑے نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر اور فرد جرم منسوخ کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ اس معاملہ میں پولیس نے کہا کہ مظاہرین نے غیر قانونی طور پر جمع ہو کر سڑک جام کر دی تھی۔ حالانکہ ہائی کورٹ نے کہا کہ آئین کی دفعہ 19(1)(بی) لوگوں کو پُرامن طور پر اور بغیر اسلحوں کے جمع ہونے کا حق دیتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس بنیادی حق پر مناسب پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں، لیکن محض غیر واضح الزامات کی بنیاد پر اسے کمزور یا دبایا نہیں جانا چاہیے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ احتجاج کرنے کے آئینی حق اور فوجداری مقدمات کی بھرمار کے درمیان فرق واضح رہنا چاہیے۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو یہ جمہوریت کے لیے انتہائی افسوسناک بات ہوگی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف فوجداری مقدمہ چلانا عدالتی کارروائی کا غلط استعمال ہے۔