ووٹ چوری کے خلاف دسمبر میں شروع ہوگی کانگریس کی بڑی مہم، راہل-پرینکا سنبھالیں گے ذمہ داری!
بتایا جا رہا ہے کہ بھوپال میں مجوزہ پروگرام 12 دسمبر کو منعقد کیا جا سکتا ہے۔ اس پروگرام میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے سمیت کئی دیگر سینئر لیڈران کی شرکت کا امکان ہے۔
کانگریس آئندہ دسمبر میں مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال سے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرنے والی ہے۔ اس مہم کی قیادت لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر جیتو پٹوارے نے گزشتہ روز یہ اطلاع دی۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور ملک کے ہر شہری کے حق رائے دہی کا تحفظ کرنا کانگریس کی اولین ترجیح ہے۔
It's Time... pic.twitter.com/9KaCpfPDLS
— Congress (@INCIndia) November 23, 2026
جیتو پٹواری نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف شروع ہونے والی مہم سے متعلق تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پارٹی آئندہ ماہ جمہوریت اور حق رائے دہی کے تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر جس طرح پورے ملک کے ساتھ دھوکہ کیا ہے، اس کے خلاف آواز کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ کانگریس ذرائع کے مطابق بھوپال میں مجوزہ پروگرام 12 دسمبر کو منعقد کیا جا سکتا ہے۔ اس میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے سمیت کئی دیگر سینئر لیڈران کی شرکت کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس انتخابی بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے ’ووٹ چوری‘ کا معاملہ مستقل اٹھا رہی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹس میں مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، بڑی تعداد میں اہل ووٹرز کے نام حذف کیے جا رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کے کام کاج میں شفافیت کا فقدان ہے۔ گزشتہ ماہ راہل گاندھی نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ حکومت بدلتے ہی ’ووٹ چوری‘ میں ملوث تمام لوگوں کی جانچ کی جائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان سبھی نے ملک کے ساتھ جو کچھ کیا ہے، وہ غداری ہے اور اس سے کوئی بچ نہیں پائے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیر اعظم مودی، امت شاہ، موہن بھاگوت اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ’ووٹ چوری‘ کے ذریعہ ملک کی جمہوریت کو تباہ کر دیا ہے اور ملک بھر میں ہر کوئی اس کے بارے میں جانتا ہے۔