’بسلیری‘ کا پانی جانچ میں پینے کے لائق نہیں، ایف ایس ایس اے آئی نے مقدمہ چلانے کی دی منظوری، کمپنی نے کیا اپنا دفاع
اتھارٹی نے بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ سمیت 5 فوڈ کمپنیوں کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دی ہے۔ ان کمپنیوں کی غذائی مصنوعات غیر محفوظ یا مقررہ معیار کے مطابق نہیں پائی گئی تھیں۔
بسلیری ملک میں پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کے بڑے برانڈز میں شامل ہے، لیکن اب یہ پانی بھی انسانی صحت کے لیے خطرہ ثابت ہو رہا ہے۔ بسلیری کے پانی پر لوگ آنکھ بند کرکے بھروسہ کرتے ہیں، اس کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ہندوستانی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ کمپنی کے پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کا ایک نمونہ جانچ میں غیر محفوظ پایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق ایف ایس ایس اے آئی نے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے معاملے میں بڑی کارروائی کی ہے۔ دوسری جانب ملک کے سب سے بڑے پیکجڈ پانی کے برانڈ بسلیری نے ہنگامہ آرائی کے بعد وضاحت بھی پیش کی ہے۔ پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر برانڈ بسلیری نے ایف ایس ایس اے آئی کی قانونی کارروائی اور پانی کے نمونوں کے ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی خبروں پر اپنا باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔ اپنے دفاع میں کمپنی نے کہا ہے کہ یہ معاملہ تقریباً 14 ماہ پرانا ہے۔
The Food Safety and Standards Authority of India (FSSAI) continues to maintain strict enforcement across food sectors to protect consumer health and enforce regulatory compliance… 1(2) pic.twitter.com/TnTRvLujte
— FSSAI (@fssaiindia) November 22, 2026
اتھارٹی نے بسلیری انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ سمیت 5 فوڈ کمپنیوں کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کمپنیوں کی غذائی مصنوعات جانچ میں غیر محفوظ یا مقررہ معیار کے مطابق نہیں پائی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت کے سنگین اصولوں کی خلاف ورزی پر مزید 2 کمپنیوں کے لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔ ایف ایس ایس اے آئی نے پیکجڈ ڈرنکنگ واٹر کے ایک نمونے کے سلسلے میں بسلیری کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ نمونہ مقررہ برو میٹ کی حد کے مطابق نہیں پایا گیا اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ، 2006 کے تحت اسے غیر محفوظ قرار دیا گیا۔
کمپنی کی جانب سے اس رپورٹ کے خلاف اپیل کیے جانے کے بعد نمونے کو ریفرل فوڈ لیبارٹری بھیجا گیا۔ ریفرل فوڈ لیبارٹری نے بھی اس میں ’پولی سائیکلک ایرومیٹک ہائیڈروکاربن‘ (پی اے ایچ) پائے جانے کے بعد اسے غیر محفوظ قرار دیا ہے۔ لیبارٹری رپورٹ میں قانون کے تحت غیر محفوظ غذائی اشیا سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزی کی تصدیق ہونے کے بعد ایف ایس ایس اے آئی نے کمپنی کے خلاف مقدمہ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ بسلیری کے علاوہ ایف ایس ایس اے آئی نے وسنت مسالا پرائیویٹ لمیٹڈ، ٹٹ بٹ فوڈز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ، میمانسا انڈسٹریز اور آشا کنفیکشنری کے خلاف بھی مقدمہ چلانے کی منظوری دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے ارمی لائف سائنسز ایل ایل پی اور گور آیورویدک اسٹور کے لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں۔
وسنت مسالا پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف اس لیے کارروائی کی گئی ہے، کیوں کہ اس کے مرچ پاؤڈر میں ’ڈی فینو کونازول‘ (ایک کیڑے مار دوا کی باقیات) کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی۔ اسی طرح ٹٹ بٹ فوڈز (انڈیا) پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف بھی مقدمہ چلانے کی منظوری دی گئی، کیونکہ اس کے مرچ پاؤڈر میں کیڑے مار دوا کی باقیات اور ہلدی پاؤڈر میں ٹِن کی مقدار مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی تھی۔ میمانسا انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے، کیونکہ اس کے اخروٹ کی گری غیر معیاری اور غیر محفوظ پائی گئی تھی۔ آشا کنفیکشنری کے خلاف بھی مقدمہ چلانے کی منظوری دی گئی ہے، کیونکہ اس کی چاکلیٹ سے بھری کوکیز میں شکر کی مقدار کے بارے میں دی گئی معلومات غلط تھیں اور یہ کوکیز غیر معیاری اور غیر محفوظ پائی گئیں۔
اس کے علاوہ ایف ایس ایس اے آئی نے صفائی کے ناقص انتظامات اور دوبارہ پیکنگ سے متعلق مسائل کی وجہ سے ارمی لائف سائنسز ایل ایل پی اور گور آیورویدک اسٹور کے لائسنس بھی معطل کر دیے ہیں۔ ایف ایس ایس اے آئی اس سال غذائی کاروبار سے وابستہ کمپنیوں اور ای کامرس پلیٹ فارمز کی نگرانی بڑھا رہا ہے۔ انرجی ڈرنکس اور الکحل والے مشروبات تیار کرنے والی کمپنیاں بھی ضابطہ کار ادارے کی جانچ کے دائرے میں ہیں۔