مودی راج میں کسان روزانہ 27 روپے کما رہے ہیں اور اڈانی ایک گھنٹہ میں 1600 کروڑ روپے: پرینکا گاندھی

مدھیہ پردیش میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ سرحد پر وزیر اعلیٰ کا بیٹا نہیں بلکہ کسان کا بیٹا جاتا ہے، بی جے پی والے اگنی ویر لے آئے جس میں 4 سال کی ملازمت ہے اور پھر بے روزگاری۔

مودی راج میں کسان روزانہ 27 روپے کما رہے ہیں اور اڈانی ایک گھنٹہ میں 1600 کروڑ روپے: پرینکا گاندھی

مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی سمیت دیگر پارٹیوں کی بھی انتخابی تشہیر نے تیزی اختیار کر لی ہے۔ جگہ جگہ سرکردہ لیڈران ریلیاں اور اجلاس منعقد کر رہے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی آج مدھیہ پردیش پہنچیں جہاں اندور میں میگا ریلی نکالی گئی اور پھر جلسۂ عام سے انھوں نے خطاب بھی کیا۔ اس دوران انھوں نے بی جے پی اور پی ایم مودی پر خوب حملے کیے۔

بڑھتی مہنگائی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔ خواتین آدھے ادھورے سامان کے ساتھ بازار سے لوٹ آتی ہیں۔ ہماری حکومتیں جہاں بھی ہیں، ہم نے اپنے کاموں سے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائی ہے، تاکہ عوام کی جیب میں کچھ پیسے بچ جائیں۔‘‘ پھر وہ مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’’مودی جی کے راج میں جہاں ملک کا کسان ایک دن میں 27 روپے کما رہا ہے، وہیں اڈانی ایک گھنٹے میں 1600 کروڑ روپے کما رہا ہے۔‘‘

’اگنی ویر‘ اسکیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’سرحد پر کسان کا بیٹا جاتا ہے، وزیر اعلیٰ کا بیٹا نہیں جا رہا۔ یہ (بی جے پی والے) آپ کے بیٹے کے لیے ’اگنی ویر‘ لے آئے، 4 سال کی ملازمت... پھر بے روزگاری۔ لیکن اپنے بچوں کے لیے بیرون ملک میں تعلیم اور محل۔ آپ نے ویڈیو دیکھی ہی ہوگی کہ بی جے پی لیڈروں کے بیٹے ہزاروں کروڑوں کی رشوت کی بات کر رہے ہیں۔ اس لیے میں کہہ رہی ہوں، بیدار بن جائیے۔‘‘ ذات پر مبنی مردم شماری کا تذکرہ کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں ’’ہم کہتے ہیں ذات پر مبنی مردم شماری کروائیے۔ ذات پر مبنی مردم شماری کا مطلب یہ ہے کہ سماج میں کس ذات کے کتنے لوگ ہیں؟ اگر کسی کے لیے کچھ کرنا ہے تو یہ جاننا ضروری ہے کہ کس کی کیا ضرورت ہے، کسے کیا دینا ہے؟ لیکن جب ہم ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتے ہیں تو بی جے پی خاموش ہو جاتی ہے۔‘‘

اپنی دادی اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری کہتی ہیں کہ ’’آج آپ اندرا گاندھی جی کو یاد کرتے ہیں کیونکہ انھوں نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت میں لگا دی۔ آج بھی لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ کی دادی نے ہمیں پٹّے دلوائے۔ غریبوں کو پانی، جنگل، زمین پر حق دیا۔ ایسے لیڈر اور سیاسی پارٹیاں ہوتی ہیں جن کے اصولوں میں ملک اور عوام کے لیے احترام کی روایت ہوتی ہے۔‘‘