مغربی بنگال: ترنمول کانگریس لیڈر سیف الدین لسکر کا دن دہاڑے گولی مار کر قتل
ترنمول کانگریس کے بامونگاچی علاقائی صدر سیف الدین لسکر کا ان کے گھر کے پاس کچھ بدمعاشوں نے قتل کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص کی گرفتاری ہوئی ہے اور اس نے اپنا جرم بھی قبول کر لیا ہے۔
مغربی بنگال سے ایک خوفناک واقعہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ ریاست کے جنوبی 24 پرگنہ میں 13 نومبر کو ترنمول کانگریس لیڈر سیف الدین لسکر کا دن دہاڑے گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’قتل واقعہ میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس نے اپنا جرم بھی قبول کر لیا ہے۔‘‘
Trinamool Congress's regional president Saifuddin Lashkar shot dead in Bamungachi village under Jayanagar police station limits in South 24 Parganas, West Bengal
— ANI (@ANI) November 13, 2023
Police say, "One person has been arrested in this incident. He has confessed to the crime." pic.twitter.com/BaSJyPJ2ts
دراصل جوائے نگر علاقے میں بامونگاچی کے ترنمول کانگریس علاقائی صدر سیف الدین لسکر کا ان کے گھر کے پاس ہی کچھ بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیف الدین کے حامیوں نے مبینہ طور پر حملہ آوروں میں سے ایک کو پکڑ لیا اور پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کر دیا۔ ترنمول کانگریس کے مقامی لیڈروں کا الزام ہے کہ سیف الدین کے قتل کے پیچھے سی پی ایم حامیوں کا ہاتھ ہے۔
اس درمیان مقامی مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی حامیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سیف الدین کی موت کے بعد اس کے حامیوں نے سی پی ایم حامیوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور کچھ گھروں میں آگ لگا دی۔ سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے رکن سجان چکرورتی نے کہا کہ ہر موت افسوسناک ہے اور قاتلوں کو پکڑنے کے ساتھ ہی سازش کا پردہ فاش کرنے کے لیے پولیس کو مناسب جانچ کرنی چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے ان الزامات کو خارج کر دیا کہ سیف الدین کا سی پی ایم اراکین نے قتل کیا۔ سجان نے کہا کہ ’’سیف الدین لسکر کا قتل ترنمول کانگریس کی داخلی رنجش کا نتیجہ ہے، ہماری پارٹی کو قصوروار ٹھہرانے کا کوئی مطلب نہیں۔‘‘