مدھیہ پردیش انتخاب: تشدد کے کئی واقعات رونما، بی جے پی امیدوار کے خلاف قتل کا کیس درج
230 اسمبلی سیٹوں کے لیے 17 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے، پولنگ سے قبل جمعرات کی شب چھترپور ضلع میں کانگریس لیڈر سلمان خان کے قتل معاملے میں بی جے پی امیدوار اروند پٹیریا کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش میں جمعہ کے روز 230 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل انجام پا گیا۔ اس درمیان کئی جگہ تشدد کے واقعات پیش آئے، لیکن لوگوں نے بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ شام 5 بجے تک کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 71.16 فیصد لوگوں نے ووٹ ڈالے۔ سب سے زیادہ آگر مالوہ میں 82 فیصد ووٹنگ ہوئی، جبکہ علی راج پور میں سب سے کم 56.24 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اس طرح انتخابی میدان میں اترے سبھی 2534 امیدواروں کی قسمت ای وی ایم میں قید ہو گئی۔ اب 3 دسمبر کو ووٹ شماری کے بعد پتہ چلے گا کہ عوام نے کس کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔