عالمی کپ 2023: افغانستان کی خراب فیلڈنگ کا نیوزی لینڈ نے بھرپور اٹھایا فائدہ، 149 رنوں سے دی شکست
نیوزی لینڈ نے 50 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 288 رن بنائے تھے، جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 34.4 اوورس میں محض 139 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
افغانستان نے عالمی کپ میں گزشتہ دنوں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا بڑا الٹ پھیر کیا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ آج نیوزی لینڈ کو بھی وہ سخت مقابلہ دے گی، لیکن ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں افغانستان کو 149 رنوں سے شکست دی جو کہ عالمی کپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کے لیے رنوں کے اعتبار سے دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ حالانکہ اس مقابلے کو یکطرفہ کرنے میں افغانی فیلڈرس کا بہت بڑا ہاتھ رہا جنھوں نے 4 آسان کیچ چھوڑے اور ایک اسٹمپ کا بہترین موقع بھی وکٹ کیپر نے ضائع کیا۔ جن کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا موقع افغانستان نے گنوایا انھوں نے کیچ چھوٹنے کے بعد مجموعی طور پر تقریباً 125 رن جوڑے اور یہی شکست کی ایک بڑی وجہ ثابت ہوئی۔
New Zealand continue their unbeaten run in #CWC23 with yet another emphatic win in Chennai #NZvAFG : https://t.co/R2WCgfr1UR pic.twitter.com/GTsrXdBYh3
— ICC (@ICC) October 18, 2023
آج ٹاس افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ خوش قسمت رہی کہ شروع میں ہی وِل ینگ کا آسان کیچ سلیپ میں چھوٹ گیا اور پھر ڈیوون کانوے (20 رن) کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں اترے رچن رویندر نے جب کوئی رن بنایا بھی نہیں تھا تبھی کیچ کپتان حشمت نے چھوڑ دیا تھا۔ ان دونوں نے اس کا فائدہ اٹھایا اور ینگ نے 54 رن بنائے، جبکہ رچن نے 32 رنوں کا تعاون کیا۔ اِن فارم بلے باز ڈیرل مشیل محض 1 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور یہ وہ موقع تھا جب نیوزی لینڈ کے 4 کھلاڑی 110 رن پر ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔ یہاں نیوزی لینڈ مشکل میں نظر آ رہی تھی، لیکن پھر اہم مواقع پر کیچ چھوٹے اور خراب فیلڈنگ کی وجہ سے کپتان ٹام لیتھم نے شاندار 68 رن اور گلین فلپس نے 71 رن بنا ڈالے۔ ان دونوں کے درمیان 144 رنوں کی اہم شراکت داری ہوئی۔ آخر میں مارک چیپمین نے 12 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 25 رن اور مشیل سینٹنر نے 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 7 رنوں کا تعاون کیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ 50 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 288 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔