شرد پوار کے لیے بری خبر! مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر نے اجیت پوار گروپ کو ہی اصل این سی پی قرار دیا
اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ ’’شرد پوار گروپ کی یہ دلیل خارج کی جاتی ہے کہ اراکین اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر معاملے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔‘‘
ممبئی: این سی پی اراکین اسمبلی کی اہلیت معاملے میں مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ انھوں نے اجیت پوار گروپ کو اصل این سی پی قرار دیا ہے۔ اسپیکر کا کہنا ہے کہ اجیت پوار کے پاس 41 اراکین اسمبلی کی حمایت ہے جو کہ اکثریت میں ہیں، اس لیے اصل این سی پی اجیت پوار کا گروپ ہی ہے۔
اپنے فیصلے میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ ’’شرد پوار گروپ کی یہ دلیل خارج کی جاتی ہے کہ اراکین اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر معاملے کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ میرا ماننا ہے کہ اصل سیاسی پارٹی کو اراکین اسمبلی کی اکثریت کی بنیاد پر ہی شناخت کیا جا سکتا ہے۔ اجیت پوار کے پاس اراکین اسمبلی کی اکثریت (41 اراکین اسمبلی) ہے اور اس لحاظ سے اجیت پوار کا گروپ ہی اصل سیاسی پارٹی ہے۔‘‘
مہاراشٹر کے اسپیکر راہل نارویکر نے جمعرات (15 فروری) کو این سی پی ممبران اسمبلی کی اہلیت کے معاملے میں فیصلہ دیا۔ اپنے فیصلے میں انہوں نے تمام ایم ایل ایز کو اہل قرار دیا اور نااہلی کے تمام درخواستوں کو منسوخ کر دیا۔ انہوں نے اجیت پوار کے دھڑے کو ہی اصلی این سی پی قرار دیا۔ اسپیکر نے کہا کہ اجیت پوار کے پاس 41 ایم ایل ایز کی اکثریت ہے۔
اپنا فیصلہ دینے سے قبل اسپیکر نے کہا تھا کہ ’’مجھے تعین کرنا ہے کہ اصل سیاسی پارٹی کون ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کا بھی فیصلہ کرنا ہے کہ دونوں گروپ میں سے کون نااہل ہے۔‘‘ اسپیکر کا کہنا تھا کہ ’’شیوسینا - ایس سی معاملے کا فیصلہ این سی پی معاملے میں بھی مثال بنے گا۔‘‘ اس سے قبل 6 فروری کو بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے سے شرد پوار کو بڑا جھٹکا لگا تھا۔ الیکشن کمیشن نے بھی اجیت پوار کے گروپ کو اصلی این سی پی قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ’’اجیت پوار دھڑے کو این سی پی کا نام اور انتخابی نشان استعمال کرنے کا حق ہے۔‘‘ لیکن کمیشن نے شرد پوار سے نئی پارٹی کی تشکیل کے لیے تین نام دینے کو کہا تھا اور شرد پوار کی جانب سے دیے گئے تین ناموں میں سے ایک ’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی – شرد چندر پوار‘ منظور کیا تھا۔