سپریم کورٹ پہنچا چنڈی گڑھ میئر الیکشن تنازعہ، عآپ امیدوار کلدیپ نے عرضی کی داخل
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے چنڈی گڑھ میئر الیکشن معاملہ پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس نے دھوکہ بازی کی ہے۔
چنڈی گڑھ میئر الیکشن میں ملی حیرت انگیز شکست کے بعد عآپ اور کانگریس کے مشترکہ امیدوار کلدیپ ڈھلور نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے اس انتخاب کو خارج کرنے کے لیے پہلے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی، لیکن ہائی کورٹ نے فوری راحت دینے سے انکار کر دیا تھا اور بدھ کے روز کہا تھا کہ بی جے پی سے نومنتخب میئر منوج سونکر اپنی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ اس معاملے میں ہائی کورٹ نے انتظامیہ سے تین ہفتہ کے اندر جواب طلب کیا تھا اور آگے کی سماعت کے لیے تقریباً ایک ماہ بعد کی تاریخ مقرر کی تھی۔
ہائی کورٹ کے ذریعہ فوری راحت نہیں ملنے سے مایوس عآپ لیڈر کلدیپ ڈھلور نے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ اپنی عرضی میں کلدیپ نے ووٹنگ کے عمل میں بے ایمانی کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے اس انتخاب کو رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حالانکہ فی الحال اس عرضی کی منظوری سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے۔