سپریم کورٹ نے وزارت ریل کو سی اے جی کی سفارشات نافذ کرنے کی دی ہدایت، 458 اسٹیشنوں پر ضروری سہولیات کی کمی!

عرضی میں کہا گیا کہ سی اے جی کے 512 ریلوے اسٹیشنوں کے سروے میں 458 اسٹیشنوں یعنی 89 فیصد سے زیادہ پر کم از کم ضروری سہولیات میں سے ایک یا زیادہ سہولیات دستیاب نہیں تھیں۔

سپریم کورٹ نے وزارت ریل کو سی اے جی کی سفارشات نافذ کرنے کی دی ہدایت، 458 اسٹیشنوں پر ضروری سہولیات کی کمی!

ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر پینے کا پانی، بیٹھنے کا انتظام، بیت الخلاء اور پلیٹ فارم شیلٹر سمیت دیگر ضروری سہولیات دستیاب کرانے کی ہدایت دینے کے مطالبے والی عرضی کو سپریم کورٹ نے نمٹا دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے وزارت ریل کو ریلوے اسٹیشنوں پر ضروری سہولیات دستیاب کرانے کی ہدایت دی۔ سپریم کورٹ نے وزارت کو ہدایت دی کہ کیگ (سی اے جی) کی آڈٹ رپورٹ میں دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے۔ یہ عرضی کیگ کی رپورٹ کی بنیاد پر داخل کی گئی تھی۔ عرضی میں کہا گیا کہ کیگ کے 512 ریلوے اسٹیشنوں کے سروے میں 458 اسٹیشنوں یعنی 89 فیصد سے زیادہ پر کم از کم ضروری سہولیات جیسے پینے کا پانی، بیٹھنے کا انتظام، بیت الخلاء، پلیٹ فارم شیلٹر، پنکھے، واٹر کولر اور سائن بورڈ میں سے ایک یا زیادہ سہولیات دستیاب نہیں تھیں۔

کیگ نے مزید پایا کہ مسافروں کی سہولیات کے انتظامی نظام (پیسنجر ایمینیٹیز میجمنٹ سسٹم) کے اعداد و شمار سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ خامیاں مختلف زمروں کے اسٹیشنوں اور ریلوے زونز میں برقرار ہیں۔ کیگ نے کہا کہ معائنہ کیے گئے ریلوے اسٹیشنوں میں سے صرف تقریباً 11 فیصد ہی ایسے پائے گئے جن میں کم از کم ضروری سہولیات کی کوئی کمی نہیں تھی۔ 512 اسٹیشنوں میں سے صرف 54 اسٹیشنوں پر ہی طے شدہ معیارات کے مطابق کم از کم ضروری سہولیات دستیاب تھیں۔

کرشن کانت نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کر مطالبہ کیا تھا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر ضروری سہولیات کی موجودگی اور ان کی مناسب دیکھ بھال پر نظر رکھنے کے لیے ایک مضبوط نظام بنایا جائے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ ان بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کی صحت، سیکورٹی، عزت اور جان کو براہ راست خطرہ پیدا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ وہ افسران کو اسٹیشنوں پر ملنے والے پانی کی باقاعدہ اور مکمل جانچ کرنے کا حکم دے، جس میں پانی میں کسی بھی طرح کے نقصاندہ بیکٹریا یا خطرناک کیمیکل کی جانچ ضرور شامل ہو۔ عرضی گزار نے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی کیگ رپورٹ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ریلوے اسٹیشنوں کے واٹر کولر کے پانی میں ’ای۔ کولائی‘ بیکٹریا پایا گیا ہے، اور وہاں کے بیت الخلاء کافی گندے ہیں۔