دیوالی پر آتش بازی سے دہلی کی ہوا ہوئی زہریلی، اے کیو آئی 400 کے پار، آلودگی ’سنگین‘ زمرہ میں داخل
پابندی کے باوجود اتوار کی شام دہلی کے کئی علاقوں میں پٹاخے جلائے گئے۔ پیتم پورہ، میور وِہار اور لوٹینس دہلی کے کچھ حصوں سے آتش بازی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
دیوالی پر بڑے پیمانے پر آتش بازی کے بعد دہلی میں دھوئیں اور دھند کی موٹی سطح دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بڑے پیمانہ پر آتش بازی کی وجہ سے دہلی کے ساتھ ساتھ این سی آر کی ہوا بھی انتہائی زہریلی ہو گئی ہے۔ فضائی معیار کی پیشگی انتباہی نظام (ای ڈبلیو ایس) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق آج صبح دہلی کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 373 درج کیا گیا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں آلودگی ’سنگین‘ (400 سے زیادہ) سطح تک پہنچ گئی ہے۔
#WATCH | Delhi: The Air Quality Index (AQI) in the area around DND flyway (Delhi–Noida Direct Flyway) is at 338, categorised as 'Very Poor', as per the CPCB (Central Pollution Control Board).
— ANI (@ANI) November 9, 2026
(Drone visuals captured at 07.00 am) pic.twitter.com/qpurGE2a8w
ای ڈبلیو ایس اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے تازہ ترین بلیٹن کے مطابق آج صبح وویک وہار میں اے کیو آئی 442 اور آئی ٹی او میں 407 درج کیا گیا۔ دونوں علاقے ’سنگین‘ زمرے میں برقرار ہیں۔ این ایس آئی ٹی دوارکا میں اے کیو آئی 404 (سنگین) اور وزیر پور میں 393 (انتہائی خراب) ریکارڈ کیا گیا۔ جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں اے کیو آئی 398، آر کے پورم میں 388، مندر مارگ میں 386 اور اوکھلا فیز-2 میں 364 درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ اتوار کی دیر شب تک نوئیڈا میں اوسط اے کیو آئی 319، غازی آباد میں 360، فرید آباد میں 297 اور گروگرام میں 280 ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ دیوالی کی رات آتش بازی میں تیزی آنے کے ساتھ ہی سڑکوں پر لگی روشنیاں دھندلی پڑ گئیں اور کئی علاقوں میں دھواں پھیل گیا۔ شہر کے 20 نگرانی مراکز پر فضائی معیار ’سنگین‘ زمرے میں پہنچ گیا۔ رات 10 بجے دہلی کا مجموعی اے کیو آئی 371 درج کیا گیا۔ شام ڈھلنے کے ساتھ دھند مزید گہری ہوتی گئی۔ پٹاخوں سے نکلنے والا دھواں سڑکوں اور رہائشی علاقوں پر چھایا رہا۔ فضا میں جلے ہوئے پٹاخوں کی بو برقرار رہی۔ راجدھانی کے کئی علاقوں میں حد نگاہ کم ہو گئی اور لوگوں نے سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔
#WATCH | Delhi: Air Quality Index (AQI) in the area around Ghazipur is 418, categorised as 'Severe', as per the CPCB (Central Pollution Control Board).
— ANI (@ANI) November 9, 2026
(Visuals shot at 05:50 am) pic.twitter.com/dIbYaQ64uY
تشویش ناک بات یہ ہے کہ پابندی کے باوجود اتوار کی شام دہلی کے کئی علاقوں میں پٹاخے جلائے گئے۔ پیتم پورہ، براری، میور وہار اور لٹینس دہلی کے کچھ حصوں سے آتش بازی کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ دیوالی سے قبل دہلی حکومت نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سبز پٹاخوں کی فروخت اور استعمال کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کریں، لیکن ایسا دیکھنے کو نہیں ملا۔ مشرقی دہلی کے ضلع مجسٹریٹ نے ایک حکم جاری کر کے صرف 7 اور 8 نومبر کو صبح 6 سے 7 بجے اور رات 8 سے 10 بجے تک سبز پٹاخے جلانے کی اجازت دی تھی۔ حالانکہ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بیرونی دہلی کے پیتم پورہ اور براری میں پٹاخے جلائے جا رہے تھے۔ براری میں ان کی آواز اور تعداد خاص طور پر زیادہ تھی۔
میور وہار سے بھی اسی طرح کی خبریں موصول ہوئیں۔ وہیں بشمبر داس مارگ اور لٹینس دہلی کے لوگوں نے بتایا کہ وہاں بھی آتش بازی جاری رہی، حالانکہ اس کی شدت کچھ کم ہوگئی تھی۔ رات 10 بجے تک فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے 59 مراکز میں سے 20 پر اے کیو آئی ’سنگین‘ زمرے میں درج کیا گیا۔ 6 مراکز پر یہ ’خراب‘ اور باقی 33 مراکز پر ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا۔
दिल्ली
— भारत समाचार | Bharat Samachar (@bstvlive) November 9, 2026
➡️दिल्ली की सड़कों पर पानी का छिड़काव
➡️धूल और प्रदूषण कम करने के लिए छिड़काव
➡️दिवाली के बाद राजधानी दिल्ली का AQI बढ़ा
➡️दिल्ली में सुबह खतरनाक स्तर पर प्रदूषण
➡️दिल्ली के कई इलाकों में AQI 400 के पार
➡️पटाखों से वायु प्रदूषण और ज्यादा बढ़ गया
➡️सोनिया विहार में AQI 457… pic.twitter.com/cwGZ4ovo2w
سونیا وہار میں سب سے خراب فضائی معیار ریکارڈ کیا گیا، جہاں اے کیو آئی 463 رہا۔ اس کے بعد جہاںگیر پوری میں اے کیو آئی 450 درج کیا گیا۔ براری، علی پور اور پنجابی باغ سمیت دیگر علاقوں میں بھی آلودگی کی سطح کافی زیادہ رہی۔ سونیا وہار، جہاںگیر پوری، پنجابی باغ، براری، اوکھلا اور روہنی ان نگرانی مراکز میں شامل تھے، جہاں پورے دن فضائی معیار ’سنگین‘ زمرے میں برقرار رہا۔ شام ہوتے ہوتے ہی شہر کا فضائی معیار ’سنگین‘ زمرے کی سطح کے قریب پہنچ گیا تھا۔ شام 7 بجے اے کیو آئی 371 درج کیا گیا تھا۔
دن کے وقت راجدھانی کی بیشتر سڑکیں نسبتاً خالی رہیں، لیکن شام تقریباً 5 سے 6 بجے کے درمیان پٹاخے جلانے کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ رات ہونے کے ساتھ دیوالی کا جشن مزید زور پکڑنے لگا۔ پٹاخے جلائے جانے کے سبب کئی علاقوں میں دھواں جمع ہو گیا، جس سے پہلے سے موجود آلودگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کئی لوگوں نے بگڑتے حالات کی اطلاع دی۔ انہوں نے رات بھر جاری جشن کے دوران دھوئیں کی تیز بو، حد نگاہ میں کمی اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔ دھند کی چادر چھانے اور حد نگاہ کم ہونے کے درمیان اتوار کو دہلی کا اوسط اے کیو آئی 376 رہا، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں آتا ہے۔ ہفتہ کو یہ 369 درج کیا گیا تھا۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق صفر سے 50 کے درمیان اے کیو آئی کو ’اچھا‘، 51 سے 100 کو ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 کو ’درمیانہ‘، 201 سے 300 کو ’خراب‘، 301 سے 400 کو ’انتہائی خراب‘ اور 401 سے 500 کے درمیان اے کیو آئی کو ’سنگین‘ زمرے میں رکھا جاتا ہے۔ فضائی معیار کی پیشگی انتباہی نظام (ای ڈبلیو ایس) نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ دہلی کا فضائی معیار آج سے ’سنگین‘ زمرے میں پہنچ سکتا ہے اور اگلے چند دنوں تک اسی زمرے میں برقرار رہ سکتا ہے۔