ایشین گیمز میں ہندوستان نے رقم کی تاریخ، خواتین کبڈی ٹیم کے طلائی کے ساتھ 100 تمغے مکمل
چین کے ہانگزو میں ہفتہ کو خواتین کی کبڈی ٹیم نے سنسنی خیز فائنل میں چائنیز تائپے کو 26-25 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 100 تمغوں کا ہندسہ حاصل کر لیا
ہانگزو: چین کے ہانگزو میں ہفتہ کو خواتین کی کبڈی ٹیم نے سنسنی خیز فائنل میں چائنیز تائپے کو 26-25 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 100 تمغوں کا ہندسہ حاصل کر لیا۔ ہندوستان اب تک 25 طلائی، 35 نقرئی اور 40 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔
گروپ مرحلے میں ہندوستان کا اپنے اسی حریف کے ساتھ میچ 34-34 سے برابری پر ختم ہوا تھا لیکن انڈین خواتین حتمی مقابلہ میں ایک پوائنٹ کی برتری کے ساتھ فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
ہندستانی ٹیم نے پوجا کی ایک سپر ریڈ کی مدد سے ہاف ٹائم میں 14-9 کی برتری حاصل کی۔ اس سے پہلے کہ چائنیز تائپے براہ راست پانچ پوائنٹس دوبارہ حاصل کرتا انہوں نے میچ کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد برتری کو 7 پوائنٹس تک پہنچا دیا۔
خیال رہے کہ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 72 سالوں میں پہلی بار 100 تمغوں کا ہندسہ عبور کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستان نے جمعہ کو ایک گولڈ سمیت نو تمغے جیتے اور تمغوں کی تعداد 95 ہو گئی تھی۔ ہفتہ کو کرکٹ، کبڈی، بیڈمنٹن اور کمپاؤنڈ انفرادی تیر اندازی میں سات تمغے جیتنا یقینی ہے جس کے بعد تمغوں کی تعداد 102 ہو جائے گی۔
یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں 20 سے زیادہ طلائی تمغے جیتے ہیں۔ جمعہ کو مردوں کی ہاکی ٹیم نے دفاعی چیمپئن جاپان کو شکست دے کر ہندوستان کو اپنا 22 واں طلائی تمغہ دلایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اگلے سال پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس سے پہلے ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کی بہترین کارکردگی 2018 کے جکارتہ گیمز میں رہی تھی جب اس نے 20 طلائی اور مجموعی طور پر 70 تمغے حاصل کیے تھے۔