اندور کنسرٹ: ’کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے‘، دلجیت دوسانجھ نے کیوں سنایا راحت اندوری کا شعر؟
دلجیت دوسانجھ نے اندور کنسرٹ کے دوران اپنی ناراضگی اس لیے ظاہر کی کیونکہ ان پر کئی طرح کی پابندیاں لگائی گئی تھیں۔ پابندیوں میں خاص پابندی یہ بھی تھی کہ انھیں ’پٹیالہ پیگ‘ سمیت 4 نغمے نہیں گانے ہیں۔
مشہور و معروف پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنے ’اورا ٹور‘ کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ گزشتہ شب ان کا اندور میں کنسرٹ ہوا، جسے عوام کی خوب تعریف مل رہی ہے۔ اس کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے دعویٰ کیا کہ انھیں اندور میں پرفارم کرنے سے روکنے کی بہت کوششیں ہوئیں، لیکن انھوں نے اپنے چاہنے والوں سے کیا وعدہ پورا کیا اور بغیر کسی خوف کے شہر پہنچے۔ انھوں نے اسٹیج سے راحت اندور کا وہ مشہور شعر ’کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے‘ بھی سنایا۔
دراصل اندور کنسرٹ کے لیے دلجیت دوسانجھ پر کئی طرح کی پابندیاں لگائی گئی تھیں، جس پر انھوں نے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کے لیے ہی انھوں نے مشہور اردو شاعر راحت اندوری کے کچھ اشعار لوگوں کو سنائے، جس پر انھیں خوب تالیاں ملیں۔ اپنے کنسرٹ کا آغاز انھوں نے کنسرٹ میں موجود لوگوں سے ’جئے شری مہاکال‘ کا نعرہ لگوانے کے ساتھ کیا۔ بعد ازاں انھوں نے اسٹیج سے کہا کہ ’’یہ نہیں گانا، وہ نہیں گانا، یہ نہیں کر سکتے، وہ نہیں کر سکتے... ہمارے منھ سے جو نکلے وہی صداقت ہے، ہمارے منھ میں تمھاری زبان تھوڑی ہے۔‘‘ اس کے بعد انھوں نے راحت اندوری کے مزید کچھ مصرعے سنائے، مثلاً ’’سبھی کا خون شامل ہے یہاں کی مٹی میں، کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اندور کنسرٹ سے پہلے دلجیت دوسانجھ پر کئی طرح کی پابندیاں لگائی گئی تھیں۔ پابندیوں میں خاص پابندی یہ بھی تھی کہ انھیں ’پٹیالہ پیگ‘، ’5 تارا ٹھیکے‘، ’جیب ویچو فیم لبیا‘ اور ’جٹ اُتھے فائر کردا جتھے پابندی ہتھیارا دی‘ نغمے نہیں گانے ہیں۔ کہا گیا کہ ان نغموں سے بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
بہرحال، دلجیت دوسانجھ نے کہا سامعین و ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’دیکھیے، یہ مہاکال کی زمین ہے اور یہاں آنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ ہم پہلے بھی نہیں ڈرے تھے اور آج بھی نہیں ڈر رہے ہیں۔ آپ کے ڈرنے کا تو سوال ہی نہیں اٹھتا۔ آپ کی طاقت ہی ہمیں آج یہاں تک لائی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’مجھے یہاں آنے سے روکنے کی کئی کوششیں کی گئیں، پھر بھی میں آیا۔ ایک بار جب میں کسی سے کہہ دیتا ہوں کہ میں آؤں گا، تو میں کبھی پیچھے نہیں ہٹتا۔ تمام پابندیوں کے باوجود میں یہ کھڑا ہوں۔‘‘