امریکہ میں فضائی خدمات بحال، کئی ہزار پروازیں ہوئی تھیں متاثر!

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے واضح کیا کہ فضائی حدود کھلنے کے فوراً بعد تمام پروازیں معمول کے مطابق شروع نہیں ہوں گی بلکہ اس میں وقت لگے گا۔ پروازوں کو بتدریج بحال کیا جا رہا ہے۔

امریکہ میں فضائی خدمات بحال، کئی ہزار پروازیں ہوئی تھیں متاثر!

امریکہ میں جمعہ (13 نومبر) کو ایئر ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی آنے کے باعث پروازوں کی آمد و رفت پر جو عارضی پابندی عائد کی گئی تھی وہ ہٹا لی گئی ہے۔ اس بندش کی وجہ سے امریکہ میں تقریباً 13 ہزار پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔ امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے بتایا کہ انہوں نے تکنیکی خرابی کی نشاندہی کر لی ہے اور فضائی حدود کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ شان ڈفی نے یہ بھی واضح کیا کہ فضائی حدود کھلنے کے فوراً بعد تمام پروازیں معمول کے مطابق شروع نہیں ہوں گی بلکہ اس میں وقت لگے گا۔ پروازوں کو بتدریج بحال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مسافروں کو متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

شان ڈفی نے بتایا کہ دوپہر 3:36 بجے ملک بھر کے ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز اور ’ٹریکون‘ میں ریڈار اور مواصلاتی نظام میں خرابی سامنے آئی تھی۔ اس کے باعث ریڈار سے موصول ہونے والے ڈیٹا اور طیاروں سے رابطے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔ ایسی صورتحال کے پیش نظر طے شدہ حفاظتی طریقہ کار کے تحت پورے ملک میں گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کر دیا گیا تھا، یعنی طیاروں کو زمین پر ہی روکنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ڈفی نے بتایا کہ اس وقت 3500 سے زیادہ طیارے فضا میں تھے۔ تمام طیاروں نے ہدایات پر عمل کیا اور بحفاظت لینڈنگ کی۔ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق فضائی حدود میں 400 سے بھی کم طیارے باقی رہ گئے تھے۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اس دوران ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور پائلٹوں نے طے شدہ حفاظتی طریقۂ کار کے مطابق صورتحال کو سنبھالا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریڈار اور ایئر ٹریفک کنٹرول کا نظام مکمل طور پر بند نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب بھی فضائی حدود بند کی جاتی ہیں تو احتیاطی تدبیر کے طور پر مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے طبی ہنگامی حالات، زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق ضروری پروازوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ڈفی نے بتایا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کا ہارڈویئر کافی پرانا ہے اور اسی میں خرابی پیدا ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صدر گزشتہ ایک سال سے کانگریس سے ایئر ٹریفک کنٹرول کے نئے نظام کے لیے مکمل فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ امریکہ کے وزیر داخلہ مارک وین ملن نے بھی واضح کیا کہ یہ کوئی سائبر حملہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا مائیکروسافٹ آؤٹیج سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے مطابق فی الحال ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے کہ یہ واقعہ سائبر حملے یا اے آئی کی وجہ سے پیش آیا۔ ملن نے بتایا کہ تحقیقات کے لیے تمام متعلقہ ٹیموں اور وسائل کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال 100 فیصد یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور حکام ہر پہلو سے اس کی جانچ کر رہے ہیں۔