’آج سرخیوں میں مہنگائی ہی مہنگائی ہے‘، اخبارات کا تراشہ سوشل میڈیا پر شیئر کر کانگریس نے مودی حکومت کو بنایا نشانہ

جئے رام رمیش نے مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے کہ آخر کب تک اچھے دنوں کے وعدوں سے گمراہ ہوئی ملک کی عوام کو مہنگائی کے برے دن برداشت کرنے پڑیں گے؟

’آج سرخیوں میں مہنگائی ہی مہنگائی ہے‘، اخبارات کا تراشہ سوشل میڈیا پر شیئر کر کانگریس نے مودی حکومت کو بنایا نشانہ

ہندوستان میں بے تحاشہ مہنگائی کے لیے مرکز کی مودی حکومت کو لگاتار تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں نے غریبوں کے لیے دال-روٹی کا انتظام بھی مشکل کر دیا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں حکومت پر مستقل حملہ آور نظر آتی ہیں۔ خصوصاً کانگریس سڑک کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔ آج مہنگائی معاملہ پر کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ایک بار پھر حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے کچھ اخبارات کا تراشہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آج سرخیوں میں مہنگائی ہی مہنگائی ہے۔‘‘

جئے رام رمیش نے جو خبریں شیئر کی ہیں، ان کی سرخیاں کچھ اس طرح ہیں:

  • بڑھتے اخراجات کا بوجھ صارفین پر ڈال کر منافع بڑھانے کی تیاری میں کمپنیاں

  • دیوالی ختم ہوتے ہی جیب کا دیوالہ... الیکٹرانکس-روز مرہ کے سامان مہنگے

  • 10 میں سے 6 کنبوں کا ماہانہ خرچ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا

  • مہنگائی کا ڈبل اٹیک: پہلے خوردہ، اب ہول سیل نے نکالا دم، لگاتار تیسرے مہینے بڑھی

  • پرائمری آرٹیکلس اور فیول اینڈ پاور کی قیمتیں بڑھیں

  • خوردنی تیل ایک سال میں 16 فیصد تک مہنگے ہوئے، صابن-ڈٹرجنٹ کی قیمت بھی بڑھی

  • دوہری مار: ضروری سامان کی قیمت بڑھائی، وزن بھی گھٹایا

  • موبائل-ٹی وی سے لے کر دودھ-بسکٹ کی بڑھیں گی قیمتیں: بڑھتے خرچ کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کی تیاری، پیکٹ بھی ہو سکتے ہیں چھوٹے

  • موبائل کی قیمتیں 18 فیصد تک بڑھیں

کانگریس جنرل سکریٹری نے اخباری تراشہ شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ مرکز پر حملہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’رسوئی کا بجٹ بگڑ رہا ہے، روزمرہ کا سامان مستقل مہنگا ہو رہا ہے اور اب موبائل، ٹی وی سے لے کر بسکٹ و نمک تک کی قیمتیں بڑھنے کی خبریں ہیں۔ دودھ کی قیمت بھی بڑھ چکی ہے اور گھی-تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’کہیں قیمت بڑھ رہی ہے، تو کہیں پیکٹ کا وزن گھٹا کر صارفین کو کم سامان دیا جا رہا ہے۔ ایسے میں عام آدمی کو ہر طرف سے مہنگائی کی مار برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔‘‘

مہنگائی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے لکھا ہے کہ ’’اکتوبر میں خوردہ مہنگائی 6.09 فیصد اور خوردنی اشیا کی مہنگائی 8.94 فیصد پر پہنچ گئی۔ خوردہ مہنگائی نے موجودہ سی پی آئی سیریز میں پہلی بار آر بی آئی کی 6 فیصد والی حد پار کی ہے۔ گھریلو سامانوں کے ساتھ روزمرہ کی چیزوں تک کی لگاتار بڑھتی قیمتوں نے ملک کے 61 فیصد کنبوں کا ماہانہ خرچ پہلے کے مقابلہ 20 فیصد سے زیادہ بڑھا دیا ہے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’ہول سیل مہنگائی بھی بڑھ کر 12.29 فیصد ہو گئی ہے، جو 23-2022 بنیادی سال والی نئی ڈبلیو پی آئی سیریز میں اب تک کی اعلیٰ سطح ہے۔ یعنی مہنگائی کا دباؤ اب صرف صارفین کی جیب تک محدود نہیں، بلکہ پروڈکشن اور کاروبار کے اخراجات پر بھی پڑ رہا ہے۔‘‘

حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’ابھی تو پوری پکچر باقی ہے۔ یاد رہے کہ اکتوبر میں ہی آر بی آئی نے ریپو ریٹ 0.25 فیصد بڑھا کر 5.50 فیصد کر دیا تھا۔ اس کے بعد کئی بینکوں نے ہوم لون سمیت دوسرے قرضوں کی شرح سود بڑھا دیں۔ اب دسمبر میں آر بی آئی کے ذریعہ مزید ایک اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یعنی مہنگائی کی مار کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو بڑھتی ای ایم آئی کا بوجھ بھی اٹھانا پڑ سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے اس بات پر فکر کا اظہار کیا کہ ایک طرف آمدنی پر دباؤ ہے اور دوسری طرف خرچ کے ساتھ ساتھ قرض بھی مہنگے ہوتے جا رہے ہیں۔

پی ایم مودی کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’پروچن منتری بتائیں کہ غریب اور متوسط طبقہ آخر کب تک مہنگائی کی یہ دوہری مار برداشت کرتا رہے گا؟ وزیر اعظم ملک کے سامنے مہنگائی کا وائٹ پیپر جاری کریں اور بتائیں کہ آسمان چھوتی قیمتوں پر قابو پانے اور عام کنبوں کو راحت دینے کے لیے حکومت کیا ٹھوس قدم اٹھانے جا رہی ہے۔‘‘ وہ یہ سوال بھی کرتے ہیں کہ ’’آخر کب تک اچھے دنوں کے وعدوں سے گمراہ ہوئی ملک کی عوام کو مہنگائی کے برے دن برداشت کرنے پڑیں گے؟‘‘ آخر میں انھوں نے لکھا ہے ’’بہت ہوئی مہنگائی کی مار، اب جواب دے مودی سرکار۔‘‘