نیپال کے وزیر اعظم بالین شاہ 2 روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے

نیپالی وزیر اعظم آج وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ کل وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی دو طرفہ بات چیت ہوگی۔ اس دوران صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ان کی ملاقات ہونی ہے۔

نیپال کے وزیر اعظم بالین شاہ 2 روزہ دورے پر ہندوستان پہنچے

نیپال کے وزیر اعظم بالین شاہ 2 روزہ دورے پر دہلی پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعظم بننے کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے اور اس کے لیے انہوں نے ہندوستان کا انتخاب کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر آئے بالین شاہ کے اس دورے میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کے ساتھ کچھ اہم مطالبات پر بھی بات چیت ہوگی۔ ان میں نیپال کے لیے 2 ارب ڈالر کی مالی امداد اور ہندوستان کے راستے اضافی فضائی روٹ فراہم کرنے کا معاملہ شامل ہے۔

نیپالی وزیر اعظم آج وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ اگلے روز یعنی پیر (23 نومبر) کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی دو طرفہ بات چیت ہوگی۔ اس دوران صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے بھی ان کی ملاقات ہونی ہے۔ مارچ 2026 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ شاہ کا پہلا دو طرفہ غیر ملکی دورہ ہے۔ اس دورے میں نیپال کی جانب سے مالی امداد کا مطالبہ اہم رہنے والا ہے۔ نیپال بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تعمیر نو کے لیے ہندوستان سے 2 ارب ڈالر سے زیادہ کی امداد چاہتا ہے۔ اس میں 1 ارب ڈالر کا رعایتی قرض، 500 ملین ڈالر کی گرانٹ اور تعمیر نو و بحالی کے لیے 500 ملین ڈالر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، نیپال اپنے طیاروں کے لیے ہندوستانی فضائی حدود سے ایک اضافی فضائی راستہ بھی چاہتا ہے۔ اس سے اس کی ہوائی کنیکٹویٹی بہتر ہو سکتی ہے۔ حالانکہ اس مطالبے پر دونوں ممالک کے درمیان ابھی اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان تجارت، بجلی، پانی اور سڑک رابطے جیسے معاملات پر طویل عرصے سے بات چیت ہوتی رہی ہے۔ نومبر 1991 میں نیپال کے اس وقت کے وزیر اعظم گریجا پرساد کوئرالا ہندوستان آئے تھے۔ اس دوران تجارت اور ٹرانزٹ سے متعلق معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس کے بعد 1996 میں شیر بہادر دیوبا کے ہندوستانی دورہ کے دوران ’مہاکالی‘ معاہدہ طے پایا۔ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کی بات چیت میں سیکورٹی، سرحدی تنازعہ، سیلاب پر قابو پانے اور ترقی سے متعلق معاملات بھی شامل ہوتے گئے۔ 2008 میں پشپ کمل دہل ’پرچنڈ‘ کے دورے کے دوران 1950 کے معاہدے اور دیگر سمجھوتوں پر نظرثانی کی تجویز سامنے آئی۔ 2011 میں بابورام بھٹارائی کے ہندوستانی دورہ کے دوران دو طرفہ سرمایہ کاری اور تحفظ کے معاہدے یعنی بی آئی پی پی اے پر دستخط کیے گئے۔