تعلیم صرف ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اس میں معاشرے کی سوچ بدلنے کی طاقت ہے: حاجی قمرالدین
اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی جانب سے شارجہ کے ہوٹل ہالیڈے انٹرنیشنل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طلباء، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات نے شرکت کی
نئی دہلی: اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی جانب سے شارجہ کے ہوٹل ہالیڈے انٹرنیشنل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طلباء، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
سرسید ڈے کی تقریب کے ذریعے تعلیم، سائنسی سوچ اور سماجی اصلاح کے حوالے سے ان کے نظریات کو یاد رکھنے کا پیغام بھی نئی نسل تک پہنچایا گیا۔ اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران، یو اے ای کی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ کیمپس پلیسمنٹ اور صنعت و اکیڈمی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی۔
تقریب میں سروکون کے بانی و ڈائریکٹر حاجی قمر الدین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سرسید کے وژن اور تعلیم کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں کا اشتراک کیا۔ حاجی قمر الدین نے وضاحت کی کہ اس سمت میں 'فاطمہ نسوان' کے نام سے لڑکیوں کا اسکول سے انھوں نے اس مشن کی ابتداء کی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ بچے کی ماں ان کی پہلی استاد ہوتی ہے۔ ایسے میں اگر بیٹیاں تعلیم یافتہ ہوں گی تو وہ آنے والی نسلوں کو بہتر تعلیم اور اقدار فراہم کر سکیں گی۔
حاجی قمر الدین نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایجوکیشن فاؤنڈیشن شروع کرنے کے اقدام کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف ذاتی ترقی کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اس میں پورے معاشرے کی سوچ بدلنے کی طاقت ہے۔ سیاسی بیداری اور سماجی تبدیلی کی بات کرنے سے پہلے ہمیں اپنے محلوں اور علاقوں کے بچوں کی تعلیم کا اندازہ لگا لینا چاہیے۔ صرف ایک پڑھی لکھی نسل ہی تعمیری اور مثبت گفتگو کر سکتی ہے۔انھوں نے کہاکہ سر سید احمد خان تعلیم کو سماجی تبدیلی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھتے تھے۔ ان کا ماننا تھا کہ کسی بھی کمیونٹی کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب اس کی نئی نسل تعلیم یافتہ ہو اور سائنسی مزاج پروان چڑھے۔