یو سی سی: اتراکھنڈ اسمبلی میں یونیفارم سول کوڈ بل پیش، اب گورنر سے منظوری کا انتظار، 400 سے زائد دفعات موجود
گورنر سے منظوری ملنے کے بعد یو سی سی بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا، اس کے بعد اتراکھنڈ یو سی سی نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن جائے گا۔
اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ یعنی یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نفاذ کا راستہ ہموار ہو چکا ہے۔ 4 فروری کو اتراکھنڈ کابینہ نے یو سی سی بل کو منظوری دی تھی، اور آج اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ریاستی اسمبلی میں یو سی سی اتراکھنڈ 2024 بل پیش کیا جس کو منظوری مل گئی۔ اب گورنر کی منظوری کا انتظار ہے، اس کے بعد یہ بل قانون کی شکل اختیار کر لے گا۔
آج جب اتراکھنڈ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ دھامی نے یو سی سی بل پیش کیا تو بی جے پی اراکین اسمبلی نے ’جئے شری رام‘ اور ’وندے ماترم‘ کا نعرہ بلند کیا۔ حالانکہ اپوزیشن لیڈران اس بل کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ گورنر سے منظوری ملنے کے بعد ریاست میں یہ قانون نافذ ہو جائے گا، اور پھر اتراکھنڈ اس قانون کو نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بن جائے گا۔
विधानसभा में ऐतिहासिक "समान नागरिक संहिता विधेयक" पेश किया। #UCCInUttarakhand pic.twitter.com/uJS1abmeo7
— Pushkar Singh Dhami (@pushkardhami) February 6, 2024
ذرائع کے مطابق یو سی سی بل کے مسودہ میں 400 سے زیادہ دفعات ہیں۔ اس کا مقصد روایتی رسوم و رواج سے پیدا ہونے والی خرابیوں کو دور کرنا ہے۔ چونکہ ہندو، عیسائی اور پارسی کے لیے دوسری شادی جرم ہے اس لیے کچھ لوگ دوسری شادی کے لیے مذہب تبدیل کر لیتے ہیں۔ ایسے میں یو سی سی نافذ ہونے کے بعد ایک سے زیادہ شادی پر پوری طرح سے روک لگے گی۔ علاوہ ازیں کچھ مذاہب میں شادی کو لے کر کوئی عمر طے نہیں ہے۔ یو سی سی نافذ ہونے کے بعد سبھی مذاہب میں شادی کے لیے لڑکیوں کی کم از کم عمر 18 سال اور لڑکوں کے لیے کم از کم عمر 21 سال طے ہو جائے گی۔
یو سی سی بل کے مسودہ میں ’لیو-اِن رلیشن شپ‘ کے بارے میں بھی تذکرہ ہے۔ اب اس طرح کا رشتہ رکھنے والوں کے لیے رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ یکساں سول کوڈ نافذ ہونے کے بعد اتراکھنڈ میں ’لیو-اِن-رلیشن شپ‘ کے لیے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرایا جا سکے گا۔ رجسٹریشن نہ کرانے پر جوڑے کو چھ مہینے کی جیل یا پھر 25 ہزار کی سزا، یا دونوں ہو سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے طور پر جو رسید جوڑے کو ملے گی، اسی کی بنیاد پر انھین کرایہ پر گھر، ہاسٹل یا پی جی مل سکے گا۔ یو سی سی میں ’لیو-اِن-رلیشن شپ‘ کی واضح تشریح بھی پیش کی گئی ہے۔ اس کے مطابق صرف ایک بالغ مرد اور بالغ خاتون ہی اس طرح کے رشتے میں رہ سکیں گے۔ وہ پہلے سے شادی شدہ یا کسی دیگر کے ساتھ لیو-اِن رلیشن شپ میں نہیں ہونا چاہیے۔ رجسٹریشن کرانے والے جوڑے کی جانکاری رجسٹرار کو ان کے والدین یا سرپرست کو دینی ہوگی۔