ڈبلیو پی ایل 2027: پانچویں سیزن کا آغاز 14 جنوری سے ہوگا، وڈودرا اور ممبئی میں کھیلے جائیں گے مقابلے
وڈودرا میں ڈبلیو پی ایل 2027 کا پہلا مقابلہ موجودہ چمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور 2 مرتبہ کی فاتح ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے پانچویں سیزن کا آغاز 14 جنوری سے ہوگا۔ وڈودرا میں سیزن کا پہلا مقابلہ موجودہ چمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور 2 مرتبہ کی فاتح ممبئی انڈینز (ایم آئی) کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ 14 جنوری سے 7 فروری تک جاری رہے گا، جس میں کل 22 مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں کو وڈودرا کے بی سی اے اسٹیڈیم اور ممبئی کے بریبورن اسٹیڈیم کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا ہے۔
Mark your calendars, folks ️#TATAWPL 2027 fixtures are out with defending champions @RCBTweets and @mipaltan kicking things off in Vadodara
— Women's Premier League (WPL) (@wplt20) November 4, 2026
Which match are you looking forward to the most? pic.twitter.com/plbt6PLPFj
ڈبلیو پی ایل کے ابتدائی 11 مقابلے 14 سے 24 جنوری تک وڈودرا میں ہوں گے، جس کے بعد مقابلے ممبئی منتقل ہو جائیں گے۔ 25 جنوری کو آرام کے دن کے بعد بریبورن اسٹیڈیم میں 26 جنوری سے 3 فروری تک باقی 9 لیگ مقابلے اور دونوں پلے آف مقابلے منعقد ہوں گے۔ لیگ مرحلے میں پانچوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 2-2 مرتبہ کھیلیں گی۔ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی۔
دوسرے اور تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیمیں 5 فروری کو ’ایلیمینیٹر‘ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم 7 فروری کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائے گی۔ دونوں پلے آف مقابلوں سے پہلے 1-1 دن کا وقفہ رکھا گیا ہے۔ پلے آف سمیت تمام مقابلے ہندوستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے۔ وڈودرا میں ہونے والے 4 مقابلوں میں گجرات جائنٹس ’ہوم ٹیم‘ ہوگی، جبکہ بریبورن اسٹیڈیم میں ہونے والے 4 لیگ مقابلوں کے لیے ممبئی انڈینز میزبان ہوگی۔ لیگ مرحلے کا اختتام 3 فروری کو ہوگا، جس میں دہلی کیپٹلز کا مقابلہ یوپی واریئرز سے ہوگا۔