چھتیس گڑھ: پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کل، 20 سیٹوں پر 41 لاکھ ووٹرس 223 امیدواروں کی قسمت کا کریں گے فیصلہ
نکسل متاثرہ بستر کی 12 اسمبلی سیٹوں میں سے انتاگڑھ، بھانوپرتاپ پور، کانکیر، کیشکال، کونڈاگاؤں، نارائن پور، دنتے واڑہ، بیجاپور اور کونٹا میں صبح 7 بجے سے 3 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔
چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ 7 نومبر کو ہوگی۔ اس مرحلہ میں ریاست کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے 20 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان سیٹوں پر ریاست کے 40 لاکھ 78 ہزار 681 ووٹرس مجموعی طور پر 223 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ پہلے مرحلہ میں سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر رمن سنگھ اور چھتیس گڑھ کانگریس صدر دیپک بیج سمیت کئی اہم شخصیات کی ساکھ داؤ پر ہے۔
کون سی 20 اسمبلی سیٹوں کے لیے ہوگی ووٹنگ!
پہلے مرحلہ میں نکسل متاثرہ بستر ضلع میں ووٹنگ ہونی ہے۔ اس مرحلہ میں بستر کی 12 اسمبلی سیٹوں سمیت مجموعی طور پر 20 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ یہ سیٹیں ہیں محلہ مانپور، انتا گڑھ، بھانوپرتاپ پور، کانکیر، کیش کال، کونڈاگاؤں، نارائن پور، دنتے واڑہ، بیجاپور، کونٹا، پنڈریا، کوردھا، خیرا گڑھ، ڈونگر گڑھ، راجناندگاؤں، ڈونگرگاؤں، کھجی، بستر، جگدل پور اور چترکوٹ۔
20 سیٹوں میں سے 10 سیٹوں پر صبح 7 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ووٹنگ ہوگی، جبکہ بقیہ 10 سیٹوں پر صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ ان 20 اسمبلی سیٹوں پر مجموعی طور پر 223 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں 198 مرد اور 25 خاتون امیدوار ہیں۔ انتخابی کمیشن نے پہلے مرحلہ میں ووٹنگ کے لیے 5304 پولنگ مراکز بنائے ہیں۔
کیسے ہیں سیکورٹی انتظامات!
چھتیس گڑھ انتخاب کے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس انسپکٹر جنرل (بستر رینج) سندر راج پی کے مطابق بستر علاقہ میں اسمبلی انتخاب کے لیے وسیع سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مرکزی نیم فوجی دستہ کے علاوہ ضلع ریزرو گارڈ، اسپیشل ورک فورس، بستر فائٹرس اور سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین جیسی خصوصی افواج کو پولنگ مراکز اور سڑکوں کی سیکورٹی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ نکسل متاثرہ علاقوں میں 600 سے زیادہ پولنگ مراکز تین سطحی سیکورٹی گھیرے میں ہوں گے۔
156 سے زیادہ بوتھوں پر اہلکاروں کے لیے ہیلی کاپٹر سروس!
ریاستی پولیس کے مطابق بستر کے اندرونی علاقوں کے 156 سے زیادہ پولنگ مراکز کے پولنگ اہلکاروں اور ای وی ایم کو ہیلی کاپٹرس سے ان کے بوتھوں تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیکورٹی وجوہات سے دنتے واڑہ، بیجاپور، نارائن پور، انتاگڑھ اور کونٹا اسمبلی حلقوں کے مجموعی طور پر 149 پولنگ مراکز کو نزدیکی پولیس اسٹیشن اور سیکورٹی کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کسی طرح کی نکسلی واردات کو روکنے کے لیے پولیس ڈرون اور ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نکسلی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی۔
پہلے مرحلہ میں کن اہم شخصیات کی قسمت کا ہوگا فیصلہ!
پہلے مرحلہ میں ریاست کے کئی سرکردہ لیڈران کی ساکھ داؤ پر ہے۔ ان میں سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ اور ان کی کابینہ میں رہ چکے پانچ وزرا شامل ہیں۔ کانگریس سے بھوپیش بگھیل حکومت کے تین وزرا اور کانگریس کے ریاستی صدر دیپک بیج سمیت کئی اہم لیڈران میدان میں ہیں۔ بیج چترکوٹ اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کے سامنے بی جے پی سے ونایک گوپال ہیں۔ پہلے مرحلہ مین راجناندگاؤں سیٹ بے حد اہم ہے جہاں سے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ میدان میں ہیں۔ رمن سنگھ کو ٹکر دینے کے لیے کانگریس نے پارٹی کے سینئر لیڈر گریش دیوانگن کو کھڑا کیا ہے۔
علاوہ ازیں کوردھا اسمبلی سیٹ سے موجودہ کانگریس رکن اسمبلی اور بھوپیش بگھیل حکومت میں وزیر محمد اکبر میدان میں ہیں۔ ان کے خلاف بی جے پی سے وجئے شرما میدان میں ہیں۔ کونڈاگاؤں میں کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی موہن مرکام کے خلاف بی جے پی نے لتا اسینڈی کو کھڑا کیا ہے۔ کوٹہ سیٹ سے لگاتار پانچ بار رکن اسمبلی رہے وزیر کواسی لکھما کو ایک بار پھر کانگریس نے موقع دیا ہے، جن کے سامنے بی جے پی نے سویم مکا کو ٹکٹ دیا ہے۔
کونڈاگاؤں ضلع میں آنے والی کیشکال اسمبلی سیٹ پر کانگریس نے اسمبلی ڈپٹی اسپیکر اور دو بار کے رکن اسمبلی سنترام نیتام کو پھر سے ٹکٹ دیا ہے، جبکہ بی جے پی نے آئی اے ایس سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھنے والے نیل کنٹھ ٹیکام کو میدان میں اتارا ہے۔ نارائن پور سے کانگریس امیدوار چندن کشیپ اور بی جے پی کے کیدار کشیپ کے درمیان مقابلہ ہے۔ انتاگڑھ سے کانگریس کے روپ سنگھ پوٹائی کے سامنے بی جے پی کے وکرم اسینڈی ہیں۔ دنتے واڑہ اسمبلی سیٹ کی بات کی جائے تو کانگریس امیدوار چھویندر مہندر کرما کے سامنے بی جے پی نے چیترام ارامی کو اتارا ہے۔