مہنگائی 6 فیصد سے متجاوز: کانگریس کا مودی حکومت پر حملہ، کہا- ’عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا‘
اکتوبر میں خوردہ مہنگائی 6.09 فیصد پہنچنے پر کانگریس نے مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ پارٹی نے کہا کہ سبزیوں اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے عام لوگوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے
نئی دہلی: ملک میں خوردہ مہنگائی کی شرح دو سال بعد پہلی مرتبہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مقررہ 6 فیصد کی بالائی حد سے تجاوز کر گئی ہے۔ اکتوبر 2026 میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 6.09 فیصد پہنچنے پر کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے کی ٹھان رکھی ہے اور انہیں سکون سے زندگی گزارنے نہیں دیا جا رہا ہے۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے عوام کو مہنگائی کی مار سے راحت نہ دینے کا ارادہ کر رکھا ہے۔ پارٹی نے مودی کو 'مہنگائی مین' قرار دیتے ہوئے اکتوبر کی خوردہ مہنگائی کی شرح 6.09 فیصد کو ان کی حکومت کا رپورٹ کارڈ بتایا۔
کانگریس کے مطابق سبزیوں اور کھانے پینے کی دیگر اشیا کی قیمتوں میں تیزی کا اثر اب مہنگائی کے مجموعی اعداد و شمار میں بھی نظر آنے لگا ہے۔ پارٹی نے مختلف شعبوں میں مہنگائی کی شرح کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ غذائی اشیا میں مہنگائی 8.94 فیصد، کھانے پینے کی اشیا اور مشروبات میں 8.51 فیصد، صحت کے شعبے میں 2.05 فیصد، ٹرانسپورٹ میں 5.84 فیصد، تعلیمی خدمات میں 4.02 فیصد اور کپڑوں و جوتوں میں 4.96 فیصد رہی۔
اسی طرح رہائش، پانی، بجلی اور گیس کے شعبے میں مہنگائی 2.90 فیصد، فرنیچر اور گھریلو آلات میں 3.94 فیصد جبکہ ذاتی نگہداشت اور سماجی تحفظ کے شعبے میں 10.14 فیصد درج کی گئی۔ وزارت شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی جانب سے 12 نومبر کو جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح ستمبر کے 5.54 فیصد سے بڑھ کر 6.09 فیصد ہو گئی۔
دیہی علاقوں میں مہنگائی 6.63 فیصد رہی، جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح 5.41 فیصد درج کی گئی۔ غذائی مہنگائی بھی ستمبر کے 7.74 فیصد سے بڑھ کر اکتوبر میں 8.94 فیصد پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں پیاز کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر 116.22 فیصد، لہسن میں 60.74 فیصد، چاندی کے زیورات میں 52.39 فیصد، ادرک میں 48.32 فیصد اور لیموں کی قیمتوں میں 47.30 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ غذائی اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2024 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب خوردہ مہنگائی آر بی آئی کی مقررہ 2 سے 6 فیصد کی قابل قبول حد سے اوپر پہنچی ہے۔ مرکزی بینک نے مہنگائی کو اسی دائرے میں رکھنے کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہے۔
اکتوبر میں آر بی آئی نے تقریباً چار سال بعد پہلی مرتبہ ریپو ریٹ میں 0.25 فیصد اضافہ کرکے اسے 5.50 فیصد کر دیا تھا۔ مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار آر بی آئی کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے 2 سے 4 دسمبر کو ہونے والے اجلاس سے پہلے سامنے آئے ہیں۔ ماہرین اقتصادیات کے مطابق مہنگائی میں اضافے کے باعث دسمبر میں شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات بھی مضبوط ہوئے ہیں۔