مہاراشٹر: محکمہ جنگلات نے اڈانی کو دیا زوردار جھٹکا، ستارا میں 1500 میگاواٹ کے ترالی پروجیکٹ پر پابندی

محکمۂ جنگلات نے کمپنی کو سبھی ضروری پیشگی منظوری ملنے تک تعمیراتی کام فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 3 دنوں کے اندر تحریری جواب بھی طلب کیا ہے۔

مہاراشٹر: محکمہ جنگلات نے اڈانی کو دیا زوردار جھٹکا، ستارا میں 1500 میگاواٹ کے ترالی پروجیکٹ پر پابندی

مہاراشٹر کے محکمۂ جنگلات نے ستارا ضلع کے پاٹن تعلقہ میں اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ کے 1500 میگاواٹ والے ترالی پمپ اسٹوریج پروجیکٹ (پی ایس پی) کا کام فوری اثر سے روک دیا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف (این بی ڈبلیو ایل) کی ضروری منظوری کے بغیر ہی پروجیکٹ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔ محکمۂ جنگلات نے 13 نومبر کو یہ حکم جاری کیا ہے۔ چند روز قبل ہی اخبارات میں یہ خبریں آئی تھیں کہ پروجیکٹ کا تخمینہ 5675 کروڑ روپے سے کم کرکے 56.75 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔

پاٹن کے رینج فاریسٹ آفیسر آر ایس نلاوڑے نے اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ کے پروجیکٹ نمائندے کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ جانچ کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ این بی ڈبلیو ایل کی اجازت کے بغیر پروجیکٹ کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔ محکمۂ جنگلات نے کمپنی کو سبھی ضروری پیشگی منظوری ملنے تک تعمیراتی کام فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 3 دنوں کے اندر تحریری جواب، پروجیکٹ سے متعلق سبھی قانونی منظوری کے خطوط، نقشے اور درختوں کی کٹائی کی اجازت سے متعلق دستاویزات طلب کی ہیں۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر جنگلات کے قوانین کے تحت کارروائی کرنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

ترالی پمپ اسٹوریج پروجیکٹ کے تخمینے سے متعلق بھی سنگین سوالات اٹھے ہیں۔ فروری 2025 میں مرکزی وزارت ماحولیات کی دستاویزات میں اس کا تخمینہ 5675 کروڑ روپے درج تھا۔ لیکن اڈانی گرین انرجی نے 8 ستمبر 2026 کو دیے گئے نوٹری شدہ حلف نامے میں تخمینہ 56.75 کروڑ روپے بتانے کی درخواست کی۔ اس کی وجہ سے سہیا دری ٹائیگر ریزرو کے تحفظ کے لیے تجویز کردہ 4 فیصد رقم 227 کروڑ روپے سے گھٹ کر تقریباً 2.27 کروڑ روپے رہ گئی۔ کمپنی نے نظرثانی شدہ رقم کی بنیاد پر صرف 56.75 لاکھ روپے جمع کرائے۔

قابل ذکر ہے کہ اڈانی گروپ نے تخمینہ کم کرکے قانونی واجبات گھٹانے کے الزامات کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ 56.75 کروڑ روپے کا اعداد و شمار صرف ابتدائی مقام کے سروے اور جانچ سے متعلق اخراجات کا ہے، جبکہ پروجیکٹ کی کل لاگت 5675 کروڑ روپے ہی ہے۔ کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پروجیکٹ نجی، غیر جنگلاتی زمین پر ہے اور کویانا وائلڈ لائف سینکچری سے 3.2 کلومیٹر دور واقع ہے۔