مہاراشٹر: دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ پر دہشت گردی کا سایہ، پنجابی ساہتیہ اکادمی نے وزیر اعلیٰ فڑنویس کو لکھا خط
27 نومبر کو ہونے والے دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ہزاروں مداحوں کی آمد متوقع ہے۔ اس لیے مہاراشٹر حکومت سے اضافی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
مہاراشٹر ریاستی پنجابی ساہتیہ اکادمی کے کارگزار صدر بل ملکیت سنگھ نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو ایک خط لکھا ہے۔ اس میں انہوں نے گلوکار دلجیت دوسانجھ کے 27 نومبر کو مہالکشمی ریس کورس میں ہونے والے کنسرٹ کے لیے سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ بی ایم سی کی میئر ریتو تاؤڑے کو مبینہ طور پر بم کی دھمکی والا ای میل موصول ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
دھمکی آمیز ای میل کی خبر ملنے کے بعد بل ملکیت سنگھ نے سائبر سیل سے فوری جانچ کرانے، اضافی پولیس فورس اور کیو آر ٹی (کوئک رسپانس ٹیم) تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ اینٹی سبوٹیج، بم ڈٹیکشن اور کے 9 یونٹس (ڈاگ اسکواڈ) کے ذریعے مسلسل نگرانی کرنے کی اپیل کی ہے۔ 27 نومبر کو ہونے والے اس شو میں ہزاروں مداحوں کی آمد متوقع ہے۔ اس لیے انہوں نے مہاراشٹر حکومت سے اضافی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے، تاکہ کنسرٹ میں آنے والے لوگوں کی سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
انتظامیہ اور ممبئی پولیس کی جانب سے پہلے سے کیے جا رہے سیکورٹی انتظامات کو تسلیم کرتے ہوئے سنگھ نے پروگرام کے مقام پر ہزاروں لوگوں کی موجودگی کے پیش نظر مزید حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے خط کے مطابق کنسرٹ کے لیے 1500 سے زیادہ پرائیویٹ سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پانچوں گیٹ پر داخلے کے وقت جانچ کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور پروگرام کے مقام پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم بھی چلائی جائے گی۔
سیکورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کے علاوہ سنگھ نے بم کی دھمکی والے ای میل کے آئی پی ایڈریس اور اس کے ماخذ کا پتہ لگانے کے لیے فوری سائبر جانچ کرانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر سائبر سیل سے کہا ہے کہ وہ دھمکیاں بھیجنے کے لیے استعمال کیے گئے ای میل اکاؤنٹس کی جانچ کرے اور اس کے ذمہ دار لوگوں کی شناخت کرے۔