مہاراشٹر ایس آئی آر: 190 اسمبلی سیٹوں پر جیت کے فرق سے زیادہ ووٹ حذف ہوئے، ایک رپورٹ میں انکشاف
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حذف کردہ ناموں میں شیخ، پاٹل اور پوار خاندانی نام رکھنے والے ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ ساتھ ہی خواتین کے نام حذف ہونے کی تعداد مردوں کے مقابلے دو گنا بتائی گئی ہے۔
مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) سے متعلق جاری ہونے والی ایک رپورٹ نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست میں ایس آئی آر کے بعد تقریباً 2.07 کروڑ ووٹرز کے نام مسودہ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ اس کا اثر اسمبلی کی 190 سیٹوں پر پڑ سکتا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کئی سیٹوں پر حذف کیے گئے ووٹرز کی تعداد کامیاب امیدوار کی جیت کے فرق سے بھی زیادہ ہے۔
اس رپورٹ میں ممبئی کی کولابہ اسمبلی سیٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس سیٹ پر حذف کیے گئے ووٹرز کی تعداد 2024 کے انتخابات میں ڈالے گئے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ حذف کیے گئے ناموں میں شیخ، پاٹل اور پوار خاندانی نام رکھنے والے ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے نام حذف ہونے کی تعداد مردوں کے مقابلے میں دو گنا بتائی گئی ہے۔