بنگلہ دیش کے وزیر صحت نے خسرہ سے ہونے والی اموات کو اپنی حکومت کی ناکامی قرار دیا

بنگلہ دیش میں خسرہ سے اب تک 1,284 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ صورتحال کی ذمہ داری وزیر صحت سخاوت حسین نے قبول کی ہے۔ انہوں نے اس سانحہ کو اپنی ناکامی قرار دیتے ہوئے خود کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیر صحت نے خسرہ سے ہونے والی اموات کو اپنی حکومت کی ناکامی قرار دیا

بنگلہ دیش میں خسرہ کی وبا نے تباہی مچا دی ہے۔ اس موذی مرض سے اب تک 1200 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جن میں زیادہ تر معصوم بچے ہیں۔ وزیر صحت سردار محمد سخاوت حسین نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان اموات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انہیں پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔وزیر صحت سردار محمد سخاوت حسین نے کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے، مجھے پھانسی دو، یہ میری ناکامی ہے، لیکن میں نے پوری کوشش کی ہے۔ یہ میری حکومت کی ناکامی نہیں ہے۔

انہوں نے ہندوستان سے ویکسین کی فراہمی کے دعووں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صرف 8 فیصد ویکسین ہندوستان سے آئی ہیں۔ باقی ماندہ ویکسین جرمنی، جاپان، آسٹریلیا، برطانیہ، جنوبی کوریا اور انڈونیشیا سے حاصل کی گئیں، جنکی جانچ  عالمی ادارہ صحت (ڈبلو ایچ او)نے کیا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زیادہ تر متاثرہ بچے چھ ماہ سے کم عمر کے تھے اور ان کو ویکسین نہیں لگائی گئی تھی۔

دوسری جانب وزیراعظم طارق رحمان کی قیادت میں بی این پی کی حکومت نے سابق عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کو بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔روزنامہ ’ ڈیلی سٹار‘ کے مطابق وزیر مملکت برائے صحت ایم اے محیط نے کہا کہ یونس انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے قومی ویکسینیشن مہم بروقت نہیں چلائی گئی اور ایمرجنسی ا سٹاک ختم ہو گیا۔

محیط نے کہا، "تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس وقت کی حکومت نے 2024 کے آخر یا 2025 کے اوائل میں قومی ویکسینیشن مہم نہیں چلائی تھی۔ وزارت کے پاس ہنگامی ویکسین کا ذخیرہ بھی نہیں تھا۔" انہوں نے وضاحت کی کہ 2020 سے ملک میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن غائب تھی، کیونکہ سیاسی بدامنی کی وجہ سے مہم کو 2024 میں غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ اس کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیشن تشکیل دی گئی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے مطابق، 9 نومبر کو ختم ہونے والے 24 گھنٹوں کے دوران دو اور ممکنہ اموات کی اطلاع ملی، جس سے مجموعی تعداد 1,284 ہوگئی۔ ان میں سے 105 اموات کی لیبارٹری سے تصدیق ہوئی جبکہ 1,179 مشتبہ کیسز تھے۔بنگلہ دیش میں اب تک خسرہ کے 240,000 سے زیادہ مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 24,523 کیسز کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے۔ اگرچہ حکومت نے بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ہنگامی ویکسینیشن مہم شروع کی ہے، تاہم اموات اور انفیکشن کی تعداد میں کمی نہیں ہو رہی ہے۔