ممبئی میں دھول بھری آندھی سے زبردست تباہی، 100 فُٹ لمبا بورڈ گرنے سے 35 افراد زخمی، ہوائی خدمات متاثر
تیز ہوا کی وجہ سے ممبئی ہوائی اڈہ پر طیاروں کی آمد و رفت تھوڑی دیر کے لیے روک دی گئی، لیکن حالات کچھ بہتر ہونے پر 5.03 بجے ہوائی خدمات پھر شروع ہو گئیں۔
ممبئی میں آج شام تیز آندھی اور بارش کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ دھول بھری آندھی کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور آسمان میں بھی ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔ کچھ دیر بعد جب بارش ہوئی تو لوگوں کو راحت ملی۔ اس دوران کچھ مقامات سے تباہی کی خبریں موصول ہوئیں۔
طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اچانک موسم بدلنے سے کئی جگہ سڑکوں پر ٹریفک رک گیا۔ لوگوں نے آندھی سے بچنے کے لیے الگ الگ مقامات پر پناہ لی۔ تیز آندھی کی وجہ سے ممبئی کے گھاٹ کوپر میں ایک 100 فُٹ طویل بل بورڈ اکھڑ گیا اور نیچے گر گیا۔ بی ایم سی کا کہنا ہے کہ اس حادثہ میں تقریباً 35 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ممبئی کے گھاٹ کوپر، باندرا، کرلا، دھاراوی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کے سبب کافی دیر تک ٹریفک جام کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ممبئی ہوائی اڈہ پر تو ہوائی خدمات بری طرح متاثر ہوئی اور کچھ دیر کے لیے طیاروں کی آمد و رفت روکنی پڑ گئی۔ ہوائی اڈہ اتھارٹی نے بتایا کہ طوفان کے سبب 15 پروازوں میں تبدیلی کی گئی۔ شام 5.03 بجے ہوائی خدمات دوبارہ شروع ہو پائیں۔
اس درمیان محکمہ موسمیات نے ممبئی، ٹھانے اور پالگھر میں تیز بارش کے ساتھ بجلی گرنے اور طوفان کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر بجلی بھی گر سکتی ہے۔ اس دوران 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز اور دھول بھری آندھی چل سکتی ہے۔