مزیدار کھانا نہ دیا تو بیٹے نے درانتی سے  ماں کی گردن کاٹ دی

پولیس کا کہنا ہے کہ ماں بیٹے میں گھریلو مسائل پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ اس دن بھی اسی طرح کی لڑائی ہوئی اور غصے میں ملزم بیٹے نے درانتی سے اپنی ماں کی گردن پر حملہ کردیا۔

مزیدار کھانا نہ دیا تو بیٹے نے درانتی سے  ماں کی گردن کاٹ دی

مہاراشٹر کے تھانے ضلع سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ منگل کو مہاراشٹر پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق تھانے ضلع میں ایک شخص نے  ماں بیٹے دونوں کے درمیان اس وقت جھگڑا شروع  ہوا جب اس کی ماں نے اسے مزیدار کھانا نہیں کھلایا۔نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق  یہ جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ ملزم بیٹے نے اپنی 55 سالہ ماں کو درانتی سے قتل کر دیا۔ تھانے پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شام کا بتایا جا رہا ہے۔ جب ضلع کے مرباد تعلقہ کے ویلو گاؤں میں ملزم نے اپنی ماں کو قتل کر دیا۔

معلومات کے مطابق ملزم بیٹے اور اس کی ماں میں اکثر گھریلو مسائل پر جھگڑا رہتا تھا۔ اتوار کو بھی ان کے درمیان ایسی ہی لڑائی ہوئی تھی۔ ایف آئی آر کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس نے کہا کہ اس لڑائی کے دوران بیٹے نے ماں پر مزیدار کھانا نہ کھلانے کا الزام لگایا۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس دوران غصے میں بیٹے نے ماں کی گردن پر درانتی سے حملہ کیا اور وہ وہیں گر گئی۔ اس حملے میں خاتون کی موت ہو گئی۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق جیسے ہی پڑوسیوں کو اس واقعہ کا علم ہوا تو انہوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کا پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد ملزم نے نیند کی گولیوں کی زیادہ مقدار کھا لی اور اس کے رشتہ داروں نے اسے اسپتال میں داخل بھی کرایا۔ ایسے میں ابھی تک اسے گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم پیر کو ملزم بیٹے کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔