لوک سبھا سے مزید 2 اراکین ہوئے معطل، رواں اجلاس میں معطل اراکین پارلیمنٹ کی تعداد 143 ہوئی
بدھ کے روز مزید 2 اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی لوک سبھا سے معطلی ہوئی ہے جس کے بعد رواں اجلاس میں پارلیمنٹ سے معطل ہونے والے اراکین کی مجموعی تعداد 143 پہنچ گئی ہے۔
پارلیمنٹ سے اپوزیشن اراکین کی معطلی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق بدھ کے روز یعنی 20 دسمبر کو 2 مزید اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا۔ معطل ہونے والے اراکین پارلیمنٹ کا تعلق لوک سبھا سے ہے اور ان کے نام ہیں تھامس چاجیکادان و اے ایم عارف۔ دونوں اراکین پارلیمنٹ کا تعلق کیرالہ سے ہے جنھیں پارلیمنٹ کے بقیہ سرمایہ اجلاس سے معطل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھامس اور عارف دونوں کو تختیاں دکھانے اور لوک سبھا کے ویل میں داخل ہونے کے سبب ایوان سے معطل کیا گیا ہے۔ تھامس اور عارف کی معطلی کے ساتھ ہی پارلیمنٹ سے معطل اپوزیشن اراکین کی مجموعی تعداد اب 143 ہو گئی ہے۔ توجہ طلب بات یہ ہے کہ سرمائی اجلاس 22 دسمبر یعنی جمعہ کے روز ختم ہونے والا ہے۔ یعنی آئندہ دو دنوں تک معطل اراکین پارلیمنٹ اپنے اپنے ایوانوں یعنی لوک سبھا و راجیہ سبھا کی کارروائی میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔
The Lok Sabha on Wednesday suspended two more MPs — C. Thomas and A.M. Arif — for the remainder of the Winter Session, taking the list of suspended MPs to 143 in the last one week. https://t.co/lPDTBrONrX
— The Siasat Daily (@TheSiasatDaily) December 20, 2023
واضح رہے کہ 4 دسمبر کو شروع ہوئی سرمائی اجلاس میں 14 دسمبر کو 14 اراکین پارلیمنٹ کی معطلی ہوئی تھی۔ پھر پیر کے روز یعنی 18 دسمبر کو 78 اراکین پارلیمنٹ کی معطلی ہوئی۔ کل یعنی 19 دسمبر کو 49 اراکین پارلیمنٹ کی معطلی کا پروانہ صادر کیا گیا تھا، اور آج 2 مزید اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی معطلی ہوئی۔
بتایا جاتا ہے کہ آج جن دو اراکین پارلیمنٹ کی معطلی ہوئی ہے، انھوں نے اپنی معطلی کے لیے بڑی مشقت کی۔ وہ بار بار ویل میں گئے، پرچیوں کو پھاڑا، بنچ پر کھڑے ہو کر نعرہ بازی کی تب جا کر انھیں معطل کیا گیا۔ جب ان اراکین پارلیمنٹ سے ان کے رویہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہم اپنے ساتھیوں کی حمایت میں ایسا کر رہے تھے۔ صبح سے ہی یہ دونوں اراکین پارلیمنٹ ایوان میں ہنگامہ کر رہے تھے اور اس طرح انھوں نے معطل اراکین پارلیمنٹ کی حمایت میں احتجاج درج کیا۔