عالمی کپ: ہندوستان کی لاجواب بلے بازی، اور پھر بے مثال گیندبازی، سری لنکا کو 302 رنوں سے ہرایا

ہندوستان نے جیت کے لیے 358 رنوں کا ہدف رکھا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں سری لنکا جدوجہد کرے گی، لیکن ہندوستانی گیندبازوں نے اسے محض 55 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا۔

عالمی کپ: ہندوستان کی لاجواب بلے بازی، اور پھر بے مثال گیندبازی، سری لنکا کو 302 رنوں سے ہرایا

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آج ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہوئے عالمی کپ کے میچ میں سبھی کو انتظار تھا وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری کا، لیکن وہ 88 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور کرکٹ شائقین کا دل ٹوٹ گیا۔ لیکن ہندوستانی ٹیم نے مجموعی طور پر جو بلے بازی کی وہ لاجواب تھی، اور پھر اس کے بعد تیز گیندبازوں نے سری لنکائی بلے بازوں پر جو قہر ڈھایا وہ تو بے مثال ہی رہا۔ ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 358 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن پوری سری لنکائی ٹیم محض 19.4 اوورس میں 55 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح ہندوستان کو 302 رنوں کی ایک بہت بڑی فتح حاصل ہوئی۔

آج کے میچ میں وراٹ کوہلی بھلے ہی سچن تندولکر کی 49 سنچری کی برابری نہیں کر پائے، لیکن تیز گیندباز محمد سمیع نے خاموشی کے ساتھ کچھ ایسے ریکارڈ بنا ڈالے جس کی طرف میچ سے پہلے شاید ہی کسی کا دھیان تھا۔ محمد سمیع نے عالمی کپ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 44 وکٹ لینے کا ظہیر خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ جیسے ہی انھوں نے آج سری لنکا کے خلاف اپنا پانچواں وکٹ لیا، انھوں نے عالمی کپ میں اپنے 45 وکٹ مکمل کر لیے۔ اتنا ہی نہیں، محمد سمیع نے ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 4 بار 5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ انھوں نے ہربھجن سنگھ اور جواگل سری ناتھ کو پیچھے چھوڑا جنھوں نے 3-3 بار 5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔