دہلی کے ویلکم علاقہ میں عمارت گرنے سے دو افراد ہلاک، ایک زخمی
دہلی کے ویلکم علاقے میں دو منزلہ عمارت گرنے سے دو افراد کی موت ہو گئی اور ایک زخمی ہو گیا۔ عمارت کے ملبے سے تین افراد کو نکال کر جی ٹی بی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں دو کو مردہ قرار دیا گیا
شمال مشرقی دہلی کے سنت کبیر نگر، ویلکم میں ایک دو منزلہ پرانی زیر تعمیر عمارت گرنے سے جینز فیکٹری کے دو ملازمین ہلاک ہو گئے اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ جینز فیکٹری کے تینوں ملازمین دو منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر کام کر رہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (نارتھ ایسٹ) جوئے ٹرکی نے بتایا کہ دو منزلہ عمارت کے گرنے کی اطلاع دوپہر 2.16 بجے ملی۔ یہ ایک پرانی عمارت تھی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس عمارت کی پہلی منزل خالی تھی اور گراؤنڈ فلور پر جینز کے کپڑے کاٹنے کا کام ہو رہا تھا۔
CORRECTION | Fire* officer Anoop says, "We received a call regarding a building collapse and the team reached the spot. Three workers were buried under the debris..."
— ANI (@ANI) March 21, 2024
ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ ملبے تلے پھنسے 3 ملازمین کو نکال کر جی ٹی بی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان میں سے دو کو مردہ قرار دیا گیا۔ مرنے والوں کی شناخت ارشد (30) اور توحید (20) کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمی ریحان (22) جی ٹی بی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمارت کے مالک کی شناخت شاہد کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔