جموں و کشمیر: پونچھ میں دہشت گردانہ حملہ، فوجی جوانوں کو لے جا رہے ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ

بتایا جا رہا ہے کہ دہشت گردانہ حملہ تھانہ منڈی ایریا کے پاس ہوا ہے، حملہ کے فوراً بعد اضافی سیکورٹی فورس جائے حادثہ پر بھیج دیے گئے ہیں، حملے میں فی الحال کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔

جموں و کشمیر: پونچھ میں دہشت گردانہ حملہ، فوجی جوانوں کو لے جا رہے ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ

جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں دہشت گردوں نے فوجی جوانوں سے لدے ایک ٹرک پر حملہ کر دیا۔ جمعرات کو دہشت گردوں نے فوجی ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق افسران نے فوجی جوانوں کو لے جا رہے ٹرک پر دہشت گردوں کے ذریعہ کی گئی گولی باری کی تصدیق کر دی ہے۔ پی ٹی آئی نے افسران کے حوالے سے بتایا کہ دہشت گردانہ حملہ تھانہ منڈی ایریا کے پاس ہوا ہے۔ اس کے فوراً بعد اضافی سیکورٹی فورس جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا ہے۔ حملے میں کسی کی ہلاکت سے متعلق فی الحال کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ٹرک پر حملہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے فوجی جوانوں نے فوراً محاذ سنبھال لیا۔ حملے کی خبر فوراً پولیس اور فوجی افسران کو دی گئی۔ جائے واقعہ پر اضافی فورس پہنچا اور دونوں فریق کے درمیان تصادم جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے پہلے گرینیڈ پھینکا اور پھر گولی باری شروع کر دی۔ جوانوں نے بھی دہشت گردوں کو ان کے حملے کا جواب دیا۔ اس درمیان زخمی جوانوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

اس درمیان ڈیفنس پی آر او نے کہا کہ ’’بدھ کے روز علاقے میں ٹھوس خفیہ جانکاری کی بنیاد پر ایک مشترکہ مہم شروع کی گئی تھی۔ جمعرات کی شام دہشت گردوں کے ساتھ گولی باری شروع ہوئی اور یہ تصادم جاری ہے۔‘‘ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ایک ماہ کے اندر اس علاقہ میں فوج پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ گزشتہ ماہ راجوری کے کالاکوٹ میں ہندوستانی فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں 2 کیپٹن رینک کے افسر شہید ہو گئے تھے۔