تلنگانہ میں کانگریس عوام کی حکمرانی لائے گی: پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں عصمت دری اور کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے

تلنگانہ میں کانگریس عوام کی حکمرانی لائے گی: پرینکا گاندھی

حیدرآباد: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں عصمت دری اور کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بھونگیر میں روڈ شو میں حصہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ دو مرتبہ عوام نے بی آر ایس کو حکومت دی تاہم عوام کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ کانگریس کو ایک موقع دیا گیا تو ہم ترقی دکھائیں گے۔

پرینکا گاندھی نے یہ کہتے ہوئے کہ بی آر ایس حکومت سے غریبوں کو کچھ نہیں مل رہا ہے انہوں نے کہا کہ قرض معافی نہ ہونے سے کسان پریشان ہیں۔ تلنگانہ کی تشکیل کے باوجود نوجوانوں کی خواہشات پوری نہیں ہوئیں کیونکہ بی آر ایس کے وزرا اور ایم ایل ایز نے فارم ہاؤس بنائے۔ ریاست میں کانگریس اقتدار میں آنے پر 6 ضمانتوں کو نافذ کیا جائے گا۔

اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ تلنگانہ کے لیے نوجوانوں نے قربانیاں دیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس عوام کی حکمرانی لائے گی۔ بے روزگاروں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ مکان کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ خواتین کے لیے ہر ماہ 2 ہزار 500 روپئے دیئے جائیں گے، ساتھ ہی ان کو بس میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ کانگریس حکومت ہر گھر کو 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرے گی۔ کسانوں کے قرض کی معافی کی جائے گی۔ غریب کو 4 ہزار پنشن دیاجائے گا۔اقتدار میں آنے کے بعد ریاست میں ملازمتوں کو پُر کرنے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔