تحریک آزادی کا درخشندہ ستارہ ’ڈاکٹر مختار احمد انصاری‘، یومِ پیدائش کے موقع پر خاص پیشکش
ڈاکٹر مختار احمد انصاری 25 دسمبر 1880ء کو حاجی عبدالرحمن اور بی بی الہان ساکن موضع یوسف پور تحصیل محمد آباد ضلع غازی پور میں پیدا ہوئے۔
ڈاکٹر مختار احمد انصاری ہفت پہلو شخصیت کے مالک تھے۔ وہ ایک ممتاز طبیب، مخلص قوم، سچے فرزند ہند اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے والے قائد تھے۔ جنہوں نے تحریک آزادی کے کسی بھی موڑ پر نہ تو اپنے نظریات سے سودا کیا نہ اپنے نصب العین کو ترک کیا اور جہاں بھی رہے وہاں اپنے نقوش مرتسم کیے۔ ان کا شمار مہاتما گاندھی کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، وہ انڈین کانگرس اور مسلم لیگ کے صدر رہنے کے علاوہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بانی رکن بھی تھے۔
ڈاکٹر مختار احمد انصاری 25 دسمبر 1880ء کو حاجی عبدالرحمن اور بی بی الہان ساکن موضع یوسف پور تحصیل محمد آباد ضلع غازی پور میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلیمی سفر الٰہ آباد، حیدر آباد سے ہوتا ہوا میڈیکل کالج مدراس پہنچا، جہاں سے ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد نظام حیدر آباد کے وظیفے پر مزید تعلیم کے لیے برطانیہ روانہ ہوئے۔ 1905ء میں ایم ڈی اور ایم۔ ایس میں امتیازی کامیابی حاصل کی۔ لندن میں ممتاز سرجن کی حیثیت سے ان کی خدمات کو خوب پذیر آرائی ملی۔ وہ ہندو ستانیوں کی غلامانہ زندگی اور انگریزحکام کی ظلم وزیادتیوں کے پیش نظر لندن کی آرام دہ زندگی کو چھوڑ کر 1910ء میں وطن واپس آگئے۔ حیدرآباد اور یوسف پور میں کچھ عرصہ قیام کرنے کے بعد دہلی میں مستقل سکونت اختیار کرلی اور فتح پوری مسجد کے نزد یک کلینک کھول کر عوامی خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں دریاگنج میں لعل سلطان سنگھ سے غالباً50000 روپے میں مکان خرید کر اس کا نام ’دارالسلام‘رکھاجو گزرتے شب و روز کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں کے اہم مرکز میں تبدیل ہوگیا۔ ابھی ڈاکٹر صاحب کو وطن آئے ہوئے دوسال ہی گزرے تھے کہ یورپین طاقتوں کی شہ پر بلقان ریاستوں نے ترکی کے خلاف یلغار کردی۔ اس کی وجہ سے مسلمانان ہند نے ترکوں کی تائید و حمایت کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں ملک گیر سطح پر چندہ جمع کیا گیا مولانا جوہر کی کا وشوں سے ہندوستان کا ایک طبی وفد10/ دسمبر 1912ء کوترکی گیا۔ جس کی نگرانی ڈاکٹر مختار احمد انصاری کے سپرد کی گئی۔ اس طبی وفد کی کارگردیوں کے سبب ہندوستانی عوام کے جذبات اور یورپین اقتدا ر اعلیٰ کی مکروہ پالیسیوں سے دنیا آشنا ہوئی۔ ترکی کے تجربات نے ڈاکٹر مختار کو برطانوی نوآبادیاتی نظام کے خلاف ڈٹے رہنے کا مزید حوصلہ فراہم کیا۔ اسی اثنا میں انگریز حکام نے ہندوستان میں 1919 ء میں رولٹ ایکٹ نافذ کردیا جس کی ڈاکٹر صاحب نے پرزور مخالفت کی۔ وہ نہ صرف دلّی میں منعقد احتجاجی مظاہروں، ہڑتالوں اور جلسوں میں شریک ہوئے بلکہ 24 /فروری 1919 ء کو تشکیل ہوئی پہلی ستیہ گرہ سبھا کے اولین صدر بھی بنے۔ جب 7/مارچ کو مہاتما گاندھی دلّی تشریف لائے تووہ ان کے مشیر اعلیٰ کی حیثیت سے ستیہ گرہ رولٹ ایکٹ میں سرگرم عمل ہوئے اور ستیہ گرہ کا حلف اٹھانے والوں میں وہ پہلی شخصیت بنے۔
24 /مارچ کو ڈاکٹر مختار احمد نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ستیہ گرہ کا عہد کریں اور اس میں شامل ہوں۔ ان کی رات دن کی محنتوں سے فروری تا اپریل ستیہ گرہ کے حق میں زبردست عوامی طوفان سڑکوں پر نظر آیا تو خوف زدہ ہوکر انگریز انتظامیہ نے ڈاکٹر مختار کوگرفتار کر نے کی کوشش بھی کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے عدم تعاون تحریک کو فروغ دینے کے لیے متعدد شہروں کا سفر کیا۔ ڈاکٹر انصاری تمام زندگی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہے نیز 1920ء تا1931ء میں معتمدعمومی رہے۔ 4/ستمبر 1927 ء کو کانگریس کے 42 ویں صدر منتخب ہوئے۔ ان کی صدارت میں کانگریس مدراس اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
ڈاکٹر صاحب کو تحریک آزادی میں سرگرم حصہ لینے کی پاداش میں متعدد مرتبہ قید وبند کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ڈاکٹر صاحب کانگریس اور مسلم لیگ کے حلقو ں میں ہمیشہ قومی اتحاد اور اخوت کو پروان چڑھانے کے لیے کوشاں رہے۔ جا معہ ملیہ اسلامیہ اور کاشی ودیا پیٹھ کے قائم کرنے میں ان کا کلیدی رول رہا ہے۔ 1927ء میں حکیم اجمل خاں کے انتقال کے بعد انہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا چانسلر مقرر کیا گیا۔ ڈاکٹر مختار انصاری رام پور کے نواب کی دعوت پر مسوری گئے جہاں سے واپسی کے دوران 10 /مئی، 1936 ء کی شب کو ٹرین میں ہی دل کا دورہ پڑا اورروح پرواز ہو گئی۔
ڈاکٹرمختار احمد انصاری لندن میں پرسکون زندگی بسر کررہے تھے لیکن ملک وقوم کی خاطر انہوں نے اپنے عیش وعشرت کو قربان کیااور شومیٔ قسمت آج ان کی خدمات کو نظر انداز کردیاگیا۔