بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن کے قریبی سنجے سنگھ بنے انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے صدر
سنجے سنگھ کا مقابلہ دولت مشترکہ کھیلوں کی گولڈ میڈلسٹ انیتا شیوران سے تھا، شیوران کو ان پہلوانوں کی حمایت حاصل تھی جنھوں نے برج بھوشن سنگھ پر خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا۔
ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے نئے صدر کا نام سامنے آ گیا ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے قریبی سنجے سنگھ انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ سنجے سنگھ 2008 میں وارانسی ریسلنگ ایسو سی ایشن کے ضلع صدر بنے تھے۔ پھر 2009 میں اتر پردیش ریسلنگ ایسو سی ایشن بنا تو برج بھوشن شرن سنگھ ریاستی صدر اور سنجے سنگھ نائب صدر بنے تھے۔
بہرحال، ڈبلیو ایف آئی کے الیکشن کا آج جب نتیجہ برآمد ہوا تو سنجے سنگھ کے ساتھ ساتھ ان کے پینل کی فتحیابی کا بھی اعلان ہو گیا۔ نتیجہ سامنے آنے کے بعد برج بھوشن سنگھ کے داماد وشال سنگھ نے کہا کہ ’’ہمارے سبھی پینل کی جیت ہوئی۔ سبھی اچھے ووٹ سے جیتے ہیں۔ گنتی چل رہی ہے تو آفیشیل نمبر جلد ہی آ جائیں گے۔‘‘ دراصل کچھ پوسٹس کے لیے ووٹ شماری کا عمل جاری ہے، اس لیے کامیاب امیدواروں کے ووٹوں کی تعداد بھی سامنے نہیں آ سکی ہے۔
VIDEO | "Our entire panel (Sanjay Singh panel) has won, everyone has won with a good majority," says Brij Bhushan Sharan Singh's son-in-law Vishal Singh on WFI election results.
— Press Trust of India (@PTI_News) December 21, 2023
(Full video is available on PTI Videos - https://t.co/n147TvrpG7) pic.twitter.com/YdBq1KkKe3
قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو ایف آئی کے الیکشن میں صدر عہدہ کے لیے سنجے سنگھ کا مقابلہ دولت مشترکہ کھیلوں کی گولڈ میڈلسٹ انیتا شیوران سے تھا۔ شیوران کو ان پہلوانوں کی حمایت حاصل تھی جنھوں نے برج بھوشن سنگھ پر خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا۔ جنسی استحصال معاملے پر اولمپک میڈلسٹ بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک، عالمی چمپئن شپ کی میڈلسٹ ونیش پھوگاٹ سمیت کئی سرکردہ پہلوانوں نے برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنتر منتر پر دھرنا و مظاہرہ کیا تھا۔