انڈیگو کی پرواز میں دھمکی آمیز نوٹ ملنے سے ہلچل، لکھنؤ جا رہا طیارہ واپس بنگلورو لوٹا

ایئرلائن کے ترجمان نے کہا کہ 7 نومبر 2026 کو بنگلورو سے لکھنؤ جا رہی انڈیگو کی پرواز 6ای 451 کو سیکورٹی خطرے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

انڈیگو کی پرواز میں دھمکی آمیز نوٹ ملنے سے ہلچل، لکھنؤ جا رہا طیارہ واپس بنگلورو لوٹا

بنگلورو سے لکھنؤ جا رہی انڈیگو کی پرواز کو سیکورٹی خطرے کے پیش نظر اچانک واپس بنگلورو لوٹنا پڑا۔ اس کی وجہ طیارہ کے اندر ملنے والا ایک نوٹ تھا، جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ اگر اسے نظر انداز کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ (7 نومبر) کو بنگلورو سے لکھنؤ جا رہی انڈیگو کی پرواز کچھ دیر بعد واپس لوٹ آئی۔ طیارے کو سیکورٹی خطرے کی اطلاع ملنے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔ پائلٹوں نے طے شدہ حفاظتی ضابطوں کے تحت طیارے کو واپس موڑنے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ افسران کو بھی مطلع کیا۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب عملے نے متعلقہ افسران کو اطلاع دی کہ پائلٹوں نے طیارے کو واپس بنگلورو لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کے روز جاری کردہ پریس ریلیز میں انڈیگو نے واقعے کی تصدیق کی۔ ایئرلائن نے بتایا کہ طیارہ کو واپس لانے کا فیصلہ احتیاطی طور پر کیا گیا تاکہ اس میں سوار تمام افراد کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ ایئرلائن کے ترجمان نے کہا کہ 7 نومبر 2026 کو بنگلورو سے لکھنؤ جا رہی انڈیگو کی پرواز 6ای 451 کو سیکورٹی خطرے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔

خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق طیارہ کے بیت الخلاء سے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ ملا، جس میں طیارہ ہائی جیک کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ پرواز میں 178 مسافر سوار تھے۔ طیارہ نے شام 5 بج کر 50 منٹ پر بنگلورو سے اڑان بھری تھی۔ نوٹ میں لکھا تھا کہ اس طیارے کو 6:30 بجے ہائی جیک کیا جانے والا ہے۔ اگر اسے نظر انداز کیا گیا تو اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔ اس کے بعد پائلٹ نے اے ٹی سی یعنی ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر طیارہ کو واپس بنگلورو لایا گیا۔ طیارہ کے لینڈ کرنے کے بعد تمام مسافروں کو نیچے اتار لیا گیا اور سیکورٹی اہلکاروں نے طیارے کی باریک بینی سے تلاشی لی۔