آلودگی سے دہلی بے حال، 13 سے 20 نومبر تک نافذ ہوگا طاق-جفت فارمولہ
وزیر اعلیٰ کیجریوال نے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی جس میں وزیر ماحولیات گوپال رائے بھی موجود تھے، انھوں نے بتایا کہ فضائی آلودگی کو دیکھتے ہوئے دہلی میں طاق-جفت فارمولہ نافذ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے
دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی سے لوگوں کا برا حال ہے۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی ہے۔ میٹنگ میں وزیر ماحولیات گوپال رائے بھی شریک ہوئے۔ انھوں نے بعد میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی میں طاق-جفت (آڈ-ایون) فارمولہ نافذ کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ 13 نومبر سے 20 نومبر کے درمیان یہ نافذ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ آلودگی کی روک تھام کے لیے دہلی حکومت نے گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (گریپ) کے اگلے مرحلہ کو نافذ کر دیا ہے، لیکن پھر بھی آلودگی سے راحت نہیں مل رہی ہے۔ سنٹرل پالیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی بھر میں ہوا کا معیار ’سنگین‘ زمرہ میں برقرار ہے۔ دہلی میں پیر کے ایئر کوالیٹی یعنی ہوا کے معیار کی بات کریں تو آر کے پورم میں اے کیو آئی 466، آئی ٹی او میں 402، پٹپڑ گنج میں 471 اور نیو موتی باغ میں 488 درج کیا ہے۔