’اجیت پوار کی این سی پی کے 20 سے 22 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں!‘ سنجے راؤت کا دعویٰ
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا کہ ’’مجھے انضمام کے بارے میں کچھ نہیں معلوم لیکن این سی پی کی اجیت پوار کے 20 سے 22 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘‘
مہاراشٹر میں گزشتہ کافی وقت سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں گروپ کے انضمام کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اس دوران شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اجیت پوار کی این سی پی کے 20 سے 22 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر شرد پوار کی قیادت والی این سی پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ان کے اس دعوے سے مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔
STORY | 20-22 MLAs of Sunetra Pawar-led NCP may leave party anytime: Sanjay Raut
— Press Trust of India (@PTI_News) November 11, 2026
Amid the renewed buzz about the merger of the two factions of the Nationalist Congress Party, Shiv Sena (UBT) MP Sanjay Raut on Wednesday claimed that 20 to 22 MLAs of the Sunetra Pawar-led NCP… pic.twitter.com/V0QKMTecFo
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے راؤت نے دونوں این سی پی گروپ کے انضمام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اجیت پوار جیسا کوئی رہنما نہیں ہے۔ مجھے انضمام کے بارے میں کچھ نہیں معلوم لیکن این سی پی کی اجیت پوار کے 20 سے 22 اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑنے کی تیاری کر رہے ہیں اور یہ اراکین اسمبلی این سی پی کے بانی شرد پوار سے ملاقات کر رہے ہیں۔‘‘ سنجے راؤت نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت باقی نہیں رہی ہے۔ ایک طرح سے انہیں غلامی کرنی پڑ رہی ہے اور اپنا وقار داؤ پر لگانا پڑ رہا ہے۔ ایسے وقت میں یا تو وہ اپنے گھر (پارٹی میں) واپس لوٹ آئیں گے، جسے انضمام نہیں کہتے یا پھر وہ انتخابات سے قبل دیگر پارٹیوں میں شامل ہو جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امت شاہ کی یہ پارٹی ایک بار پھر ٹوٹے گی۔ ان کے مطابق سنیترا پوار کی پارٹی امت شاہ کی ہے۔
20-22 MLAs of Sunetra Pawar-led NCP may leave party anytime.
— News Arena India (@NewsArenaIndia) November 11, 2026
- Sanjay Raut
Anti defection law applies in such situation. pic.twitter.com/vW5XT1Uy2B
سنجے راؤت کے مذکورہ دعوے کی تائید کرنے والے کئی واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ شرد پوار کی ممبئی رہائش گاہ (سلور اوک) پر ان دنوں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں جینت پاٹل اور امول کولہے نے شرد پوار سے ایک گھنٹے تک ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ دوسری جانب پنکج بھجبل اور ان کے اہل خانہ نے بھی شرد پوار سے ملاقات کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ شرد پوار فی الحال ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر آرام کر رہے ہیں۔ کچھ دن قبل انہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔ ان کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حال ہی میں پرفل پٹیل اور پارتھ پوار نے شرد پوار سے ملاقات کی تھی اور ان کی خیریت دریافت کی تھی۔