شیئر مارکیٹ کریش: ایک ہی جھٹکے میں سرمایہ کاروں کے 5 لاکھ کروڑ روپے ڈوبے، سینسیکس میں 1800 پوائنٹس کی گراوٹ

گزشتہ ہفتہ کے آخری کاروباری دن جمعہ کو بی ایس ای مارکیٹ کیپ تقریباً 515 لاکھ کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، جو پیر کو دوپہر 1 بجے 510 لاکھ کروڑ روپے رہ گیا۔

شیئر مارکیٹ کریش: ایک ہی جھٹکے میں سرمایہ کاروں کے 5 لاکھ کروڑ روپے ڈوبے، سینسیکس میں 1800 پوائنٹس کی گراوٹ

ہفتہ کا پہلا کاروباری دن شیئر بازار کے سرمایہ کاروں کے لیے ’بلیک منڈے‘ ثابت ہو رہا ہے۔ زبردست تیزی کے ساتھ اوپننگ کرنے کے بعد اچانک مارکیٹ کریش ہو گئی۔ سینسیکس-نفٹی میں ایسی گراوٹ آئی کے بازار میں کہرام مچ گیا۔ بامبے اسٹاک ایکسچینج کا 30 شیئرز والا بی ایس ای سینسیکس شروعاتی کاروبار میں 700 پوائنٹس اچھلنے کے بعد دوپہر تقریباً 1 بجے دن کی بلند ترین سطح 1800 اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی تقریباً 500 پوائنٹس سے زیادہ ٹوٹ گیا۔ بازار میں آئے بھونچال کے باعث ایک ہی جھٹکے میں سرمایہ کاروں کے 5 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ڈوب گئے۔

شیئر بازار کے آغاز پر نظر ڈالیں تو 30 شیئرز والا بی ایس ای سینسیکس اپنے گزشتہ بند 83919 کے مقابلے میں زبردست چھلانگ لگاتے ہوئے 84421 پر کھلا اور پھر شروعاتی چند منٹوں میں یہ 743 پوائنٹس کے زبردست اضافے کے ساتھ 84662 کی سطح پر جا پہنچا تھا۔ لیکن اس کے بعد مارکیٹ میں گراوٹ کا جو سلسلہ شروع ہوا، وہ کاروبار آگے بڑھنے کے ساتھ مزید تیز ہوتا چلا گیا۔ خبر لکھے جانے تک سینسیکس دن کی بلند ترین سطح سے 1800 پوائنٹس گر کر 82862 پر آ گیا تھا۔

بی ایس ای نفٹی میں بھی زبردست گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ 50 شیئرز پر مشتمل اس انڈیکس نے پیر کو گزشتہ کاروباری سیشن کے 25800 کی سطح کے مقابلے تیزی کے ساتھ 25929 پر کاروبار کا آغاز کیا اور اگلے ہی لمحے 25992 کی سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن سینسیکس کی طرح یہ بھی تیزی سے لڑھک گیا اور خبر لکھے جانے تک دن کی بلند ترین سطح سے 525 پوائنٹس گر کر 25467 کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کے باعث سرمایہ کاروں کو ہونے والا نقصان بھی بہت زیادہ ہے۔ اس کا اندازہ بامبے اسٹاک ایکسچیج پر لسٹڈ کمپنیوں کے کمبائنڈ مارکیٹ کیپٹلائزیشن (بی ایس ای ایم کیپ) کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔ دراصل گزشتہ ہفتہ کے آخری کاروباری دن جمعہ کو بی ایس ای مارکیٹ کیپ تقریباً 515 لاکھ کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا تھا، جو پیر کو دوپہر 1 بجے 510 لاکھ کروڑ روپے رہ گیا۔ یعنی سرمایہ کاروں کے تقریباً 5 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔

شیئر مارکیٹ میں گراوٹ کے دوران سب سے زیادہ ٹوٹنے والے شیئرز کی بات کریں تو بینکنگ اسٹاکس میں زبردست گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ بی ایس ای لارج کیپ کیٹگری میں شامل ٹاٹا اسٹیل کے شیئر 9 فیصد، ایکسس بینک کے 3.30 فیصد، آئی سی آئی سی آئی بینک کے 2.50 فیصد، ایچ ڈی ایف سی بینک کے 2.40 فیصد، ایس بی آئی کے 2.20 فیصد اور کوٹک بینک کے شیئر 2.18 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ مِڈ کیپ کیٹگری میں شامل اے پی ایل اپولو کے شیئر 20 فیصد اور ہندوستان پٹرولیم کے شیئر 3 فیصد گر کر کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری جانب اسمال کیپ کیٹگری میں ایس ٹی ایل ٹیک کے شیئر 5 فیصد اور ایچ ایف سی ایل کے شیئر 4.99 فیصد کی بڑی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔